1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: فیڈرر اور وینس دوسرے راؤنڈ میں بھی کامیاب

27 مئی 2010

یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ٹینس کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں کھلاڑیوں نے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنا شروع کر دیا ہے۔ ان میں راجر فیڈرر اور وینس ولیمز ابتدائی کھلاڑی ہیں۔

https://p.dw.com/p/NY7k
وینس ولیمز ایکشن میںتصویر: AP

فرنچ اوپن کے دوسرے مرحلے کی شروعات بارش سے متاثر ہوئی۔ راجر فیڈرر کا میچ دو بار تیز بارش کی وجہ سے روکنا پڑ گیا۔ چند دوسرے میچ بھی بارش اور خراب روشنی سے متاثر ہوئے۔ فیڈرر نے دوسرے راؤنڈ میں اپنا میچ بھی خاصی محنت سے جیتا۔ پہلے اور دوسرے راؤنڈ کے میچوں میں فیڈرر کی فارم پر ماہرین کچھ تحفظات رکھتے ہیں۔ اٹھائیس سالہ فیڈرر کا دوسرے مرحلے میں مقابلہ کولمبیا کے آلیخاندرو فایا سے تھا۔ فایا نے ٹورنامنٹ کے پسندیدہ ترین کھلاڑی کا سخت مقابلہ کیا۔ راجر فیڈرر کا تیسرے راؤنڈ میں جرمن کھلاڑی ژولیان رائسٹر سے مقابلہ ہو گا۔

فرنچ اوپن میں خواتین کے بھی دوسرے مرحلے کے میچ شروع ہو چکے ہیں۔ امریکہ کی وینس ولیمز کا بدھ کو کھیلا ہونے والا میچ دوسرے مرحلے میں خواتین کا پہلا مقابلہ تھا اور ان کا سامنا ہسپانوی کھلاڑی پارا سنتونیا سے تھا۔ سنتونیا اس میچ کے دوران وینس ولیمز کی بھرپور فارم کا سامنا نہ کر سکیں۔ انجام کار امریکی خاتون کھلاڑی نے اپنا میچ آسانی سے جیت لیا۔ آسانی سے دوسرا راؤنڈ جیتنے والوں میں ڈنمارک کی ہونہار خاتون کھلاڑی کیرولین ووصنیاکی بھی شامل ہیں۔ ووصنیاکی کا پری کوارٹر فائنل میں مقابلہ رومانیہ کی آلیکسانڈرا ڈولغیرو سے ہو گا۔

Steffi Graf mit Svetlana Kuznetsova French Open 2009
گزشتہ سال کی ویمن چیمپیئن کزنٹسووا لییجنڈری جرمن کھلاڑی سٹیفی گراف سے ٹرافی لیتے ہوئے: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance / Schreyer Fotoagentur

فرنچ اوپن کی دفاعی چیمپیئن سویٹلانا کزنٹسووا کو دوسرے راؤنڈ میں بوسنی نژاد جرمن کھلاڑی آندریا پیٹکووچ کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔ جرمن کھلاڑی نے دوسرا سیٹ جیت کر میچ برابر کر کے کزنٹسووا کے لئے خطرہ پیدا کر دیا تھا۔ لیکن تیسرے سیٹ میں دفاعی چیمپیئن نے اپنی مہارت اور تجربے سے اس جرمن کھلاڑی کو زیر کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔ جرمنی کی اس خاتون کھلاڑی کی عالمی در جہ بندی میں پوزیشن چالیسویں ہے۔

فرنچ اوپن میں دوسرے راؤنڈ میں دو اپ سیٹ دیکھنے میں آئے۔ ایک روسی کھلاڑی نادیا پیٹرووا کی شکست اور دوسری ارجنٹائن کی گیزلا ڈولکو کی ہار تھی۔ گیزلا ڈولکو نے پہلے راؤنڈ میں عالمی نمبر دس وکٹوریا آزارینکا کو ہرایا تھا۔ وہ دوسرے راؤنڈ میں جنوبی افریقہ کی شانیل شیپرز کے ہاتھوں ہار گئیں۔ روسی کھلاڑی نادیا پیٹرووا کو ہنگری کی ایک کم معروف اور نئی خاتون کھلاڑی نے شکست سے دوچار کیا۔ روس کی ایک اور خوبصورت کھلاڑی ماریا کیرلینکو کو بھی تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

Die belgische Tennisspielerin Justine Henin
جسٹن ہینن: فائل فوٹوتصویر: AP

جمعرات کو فرنچ اوپن میں کئی اہم کھلاڑی اپنے میچ کھیلیں گے۔ مردوں میں ندال اور جوکووچ جیسے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ خواتین میں سیرینا ولیمز، انا ایوانووچ، ماریا شاراپووا، ژالینا ژانکووچ اور جسٹن ہینن خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ ان میچوں کے طے شدہ وقت میں تاخیر ممکن ہے کیونکہ بدھ کے روز نامکمل رہنے والے کچھ میچ ابھی مکمل ہونا ہیں۔

پری کوارٹر فائنل میں امریکہ کی سیرینا ولیمز کو بظاہر کسی مشکل کا سامنا نہیں ہو گا۔ پری کوارٹر فائنل میں ماہرین کے نزدیک دلچسپ ترین مقابلہ روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا اور بیلجیئم کی جسٹن ہینن کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔ دونوں سابقہ عالمی نمبر ایک ہیں۔ یہ اسی صورت میں ہو گا اگر یہ دونوں خواتین اپنے دوسرے راؤنڈ کے میچ جیت جاتی ہیں۔

جس انداز میں ڈراز جاری ہیں۔ اگر ولیمز سسٹرز اپنے اپنے تمام میچ جیت گئیں تو وہ فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ سکتی ہیں۔ اسی طرح اندازہ لگایا گیا ہے کہ راجر فیڈرر اور رافائل ندال کے درمیان فائنل ہو سکتا ہے، اگر وہ سیمی فائل تک رسائی حاصل کرنے کے بعد اپنے اپنے میچ جیت لیں تو۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں