1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانز کافکا کی دس تماثیل اردو میں، خصوصی سلسلہ: مسافر (7)

14 مارچ 2019

ڈوئچے ویلے اردو کی طرف سے اپنے ادب دوست قارئین کی دلچسپی کے لیے جنوری کے اختتام پر شروع کیے گئے معروف جرمن ادیب فرانز کافکا کی دس بہت مشہور تماثیل کے ہفتہ وار اردو تراجم شائع کرنے کے خصوصی سلسلے کی ساتویں کڑی۔

https://p.dw.com/p/3F4JH
فرانز کافکا (تین جولائی 1883 ۔ تین جون 1924)تصویر: picture alliance/CPA Media

مسافر (7)

(فرانز کافکا کی ایک تمثیل، جرمن سے براہ راست اردو میں)

میں بجلی سے چلنے والی گاڑی کے آخری حصے میں کھڑا ہوں اور اس دنیا، اس شہر اور اپنے خاندان میں اپنی حیثیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے قطعی بے یقینی کا شکار ہوں۔ میں سرِ راہے بھی یہ نہیں بتا سکتا کہ میں اس ٹرام میں کسی بھی سمت میں کون سا دعویٰ یقین سے کر سکتا ہوں۔

میں تو اس بات کے دفاع میں بھی کچھ نہیں کہہ سکتا کہ میں یہاں کیوں کھڑا ہوں، کہ میں نے دوران سفر اپنا توازن برقرار رکھنے کے لیے ربر کا سڑیپ پکڑا ہوا ہے، کہ میں اس ٹرام میں کہیں لے جایا جا رہا ہوں، اس بات کے دفاع میں بھی کچھ نہیں کہ پلیٹ فارم پر لوگ ٹرام کو قریب آتے دیکھ کر پیچھے ہٹ جاتے ہیں، خاموشی سے چلتے جاتے ہیں یا پھر دکانوں کی کھڑکیوں کے سامنے کچھ دیر کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ویسے کسی نے مجھ سے اس دفاع کا مطالبہ تو نہیں کیا۔ لیکن یہ بھی غیر اہم بات ہے۔

ٹرام ایک سٹاپ کے قریب پہنچتی جا رہی ہے۔ ایک لڑکی آ کر سیڑھیوں کے پاس کھڑی ہو گئی، اترنے کے لیے بالکل تیار۔ وہ مجھے اتنا واضح طور پر نظر آ رہی ہے، جیسے میں نے اسے چھو کر دیکھا ہو۔

اس کے اسکرٹ کی چُنٹ بھی ہل نہیں رہی۔ اس نے ایک تنگ بلاؤز پہنا ہوا ہے، جس کا کالر سفید نوک دار لیس سے بنا ہے۔ اس نے سہارے کے لیے اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی ٹرام کی دیوار پر رکھی ہوئی ہے اور اس کے دائیں ہاتھ میں پکڑی ہوئی چھتری کی نوک ٹرام کی سب سے اوپر سے نیچے والی سیڑھی کو چھو رہی ہے۔

اس لڑکی کا چہرہ بھورا ہے، اس کی ناک دونوں طرف سے تھوڑی سے اندر کو دبی ہوئی، اور اس کی نوک ہلکی سی چوڑی اور گول۔ اس کے سر پر بھورے بال بھی بہت ہیں اور داہنی کنپٹی پر باریک سے بال ہوا کی وجہ سے لہرا رہے ہیں۔ اس کا چھوٹا سا دایاں کان کچھ باہر نکلا ہونے کے بجائے کافی دبا ہوا ہے۔ میں دیکھ سکتا ہوں کیونکہ میں اس کے قریب ہی تو کھڑا ہوں، میں اس کے سیپی جیسے دائیں کان کا پورا پچھلا حصہ اور اس کے نرمہ گوش پر پڑنے والے سائے تک کو دیکھ سکتا ہوں۔

تب میں نے خود سے پوچھا: یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ یہ لڑکی خود اپنی ہی ذات پر حیران نہیں ہے؟ کہ وہ اپنے منہ کو بند رکھے ہوئے ہے اور ایسا کچھ بھی نہیں کہتی، جو اس کی حیرت کا مظہر ہو۔

مصنف: فرانز کافکا
مترجم: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں