1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون میں ‘بٹن کے بٹن’ کا کمال

8 جون 2009

امسالہ فارمولا ون موٹر ریسنگ میں اتوار کے روز چھٹی مرتبہ کامیابی حاصل کرنے والے ڈرائیور جینسن بٹن کے بقول وہ اپنی کارمیں مزید تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے حریف ریڈ بل ٹیم کے ڈرائیور آئندہ انہیں پریشان کرسکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/I5rD
جیسن بٹن ٹرکش گراں پری میں جیت کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

جینسن بٹن نے گذشتہ ویک اینڈ پر استنبول میں جو ٹرکش گراں پری جیتی وہ فارمولا ون سیزن کی سال رواں کی مجموعی طور پر ساتویں ریس تھی۔ بٹن اس سال اب تک کل چھ گراں پری مقابلے جیت چکے ہیں۔ براؤن ٹیم کے 29 سالہ ڈرائیور جینسن بٹن کا کہنا ہے کہ ان کے لئے ’’حالات فی الحال سازگار ہیں تاہم یہ آسانی سے کوئی دوسرا رخ بھی اختیار کرسکتے ہیں۔‘‘

بٹن نے اتوار کی سہ پہر ٹرکش گراں پری دوڑ سب سے آگے رہتے ہوئے پول پوزیشن سے شروع نہیں کی تھی کیونکہ یہ پوزیشن نوجوان جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کےپاس تھی، لیکن اس کے باوجود جینسن بٹن اس دوڑ میں کامیاب رہے۔ اس میں بھی بٹن نے یہ اعزاز حاصل کیا کہ وہ ٹرکش گراں پری جیتنے والے ایسے پہلے فارمولا ون ڈرائیور بن گئے جنہوں نے یہ ریس پول پوزیشن سے شروع نہیں کی تھی۔

Formel 1 Rennen in der Türkei
فیٹل کا کہنا ہے کہ ٹرکش گراں پری میں بٹن نے پاور بٹن کا خوب فائدہ اٹھایاتصویر: AP

فارمولا ون میں ڈرائیوروں کی امسالہ عالمی چیمپئین شپ میں پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سب سے آگے برطانیہ کے جینسن بٹن ہی ہیں جن کے پوائنٹس کی تعداد 61 بنتی ہے اور اپنے قریب ترین حریف پر انہیں 26 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ مجموعی طور پر اس وقت جینسن بٹن کے بعد ڈرائیوروں کی رینکنگ میں اپنے 35 پوائنٹس کے ساتھ برازیل کے Rubens Barrichello ہیں۔

ریڈ بل ٹیم کے جرمن ڈرائیورسیباستیان فیٹل وہ واحد ڈرائیور ہیں جنہوں نے اس سال بٹن کو پہلی مرتبہ چائنیز گراں پری میں شکست دی تھی۔ ٹرکش گراں پری میں فیٹل تیسری پوزیشن پر رہے۔

21 سالہ فیٹل کا کہنا ہے کہ استنبول میں براؤن ٹیم اور جینسن بٹن کی رفتار کا ریڈبل کے پاس کوئی توڑ نہیں تھا۔ اس جرمن ڈرائیور کی عالمی چیمپئین شپ میں اب تک 29 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ہے۔

واضح رہے کہ اس بار فارمولا ون ریسنگ میں پہلی مرتبہ گاڑیوں میں پاور بٹن لگانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے جسے دباتے ہی گاڑی کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ فارمولا ون ریسنگ میں جیتنے والے ڈرائیوروں میں ان کی پوزیشن کے مطابق پوائنٹس کی تقسیم کا نیا فارمولا بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

سیباستیان فیٹل کے بقول ترکی میں جینسن بٹن اور براؤن ٹیم نے پاور بٹن کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ شاید اسی لئے استنبول گراں پری میں جینسن بٹن کی انتہائی تیز رفتار گاڑی کو دیکھتے ہوئے تماشائی چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے: ’بٹن، بٹن دباؤ!‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک