1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان پاکستان کے بائیسویں وزیر اعظم منتخب

17 اگست 2018

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اراکین نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کر لیا ہے۔ عمران خان کو 176 ووٹ ملے۔

https://p.dw.com/p/33JUE
Pakistan Massenproteste gegen Sharif-Regierung 14.08.2014
تصویر: A.Hassan/AFP/Getty

عمران خان کی جماعت نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں اکثریتی ووٹ حاصل کیے تھے۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف اتنے ووٹ حاصل نہیں کر پائی تھی کہ وہ سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے بغیر حکومت قائم کر سکے۔ وزیر اعظم کے عہدے کے لیے عمران خان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف سے تھا۔ شہباز شریف کو  96 ووٹ ملے۔ چند آزاد امیدواروں اور دیگر قدرے چھوٹی سیاسی جماعتوں کے اراکین کے ووٹوں کی مدد سے عمران خان مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

اب ہفتہ یعنی اٹھارہ اگست کو تقریب حلف برداری میں عمران خان بطور وزیر اعظم حلف اٹھائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواہ میں پہلے ہی اپنی حکومت بنا چکی ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی علاقائی سیاسی جماعتوں کے ساتھ حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

توقع ہے کہ پی ٹی آئی آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی اتحادی حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں پی ٹی آئی مرکزی جماعت کے طور پر سامنے نہیں آئی۔ سندھ پر ابھی بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔

پی ٹی آئی اور اُس کے اتحادی رواں ہفتے کے دوران قومی اسمبلی میں اسد قیصر کو اسپیکر اور قاسم سوری کو نائب اسپیکر  منتخب کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔