1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’عمران خان جرمنی کا دورہ کریں‘، مجھے خوشی ہو گی، میرکل

1 اکتوبر 2018

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ اس دوران میرکل نے عمران خان کو جرمنی کے دورے کی دعوت بھی دی۔

https://p.dw.com/p/35pnz
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler

جرمن حکومت کی ایک ترجمان نے ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کے نمائندے عرفان آفتاب کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ یکم اکتوبر کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور کئی بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ٹیلیفون گفتگو کے دوران میرکل نے یہ بھی کہا کہ انہیں بہت خوشی ہو گی کہ اگر وزیر اعظم عمران خان اپنی سہولت کے مطابق کسی مناسب موقع پر جرمنی کا دورہ کریں۔

Pakistan Islamabad Politiker Imran Khan
تصویر: Reuters/A. Perawongmetha

پاکستانی ذرائع کے مطابق عمران خان نے چانسلر میرکل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی جانب سے دی جانے والی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ وزیر اعظم خان نے اس موقع پر جرمنی کے ساتھ ایسے دو طرفہ تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا، جو وسیع ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مفاد میں ہو۔

وزیر اعظم خان نے مزید کہا کہ جرمنی یورپ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ہے اور توانائی کے ساتھ ساتھ کار سازی جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے متعدد امکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پانی سے بجلی پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کا بھی تذکرہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جرمنی کے روابط کی اہمیت پر زور دیا اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے کئی امور پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل میرکل نے اگست میں عمران خان کو وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر تہینتی پیغام ارسال کیا تھا۔ میرکل نے کہا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ عمران خان اپنے دور اقتدار میں بااعتماد فیصلوں کے باعث کامیاب رہیں گے۔

’پس پردہ عمران خان کے حق میں ڈوریاں ہلائی جا رہی ہیں‘