1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراقی فوج کا ایرانی جلاوطنوں کے کیمپ پر حملہ، 34 ہلاک: اقوام متحدہ

15 اپریل 2011

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ ہفتے عراقی فوج نے ملک میں ایرانی جلا وطنوں کے کیمپ پر چھاپے کے دوران کم از کم 34 افراد کو ہلاک اور کئی درجن کو زخمی کر دیا۔ ہلاک شدگان میں خواتین بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/10txN
تصویر: AP

ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے بغداد کے شمال میں واقع کیمپ اشرف میں عراقی فوج کے اس حملے کو قتل عام قرار دیتے ہوئے مکمل حکومتی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

ہلاک شدگان کی تعداد اقوام متحدہ کی جانب سے کیمپ کے دورے کے ایک دن بعد سامنےآئی ہے۔اس سے قبل عراقی حکومت نے یہ مطالبہ کر رکھا ہے کہ اس کیمپ کو بند کیا جائے۔

Iranische Mujahedin im Irak
کیمپ اشرف میں پیپلز مجاہدین آف ایران میں شامل جنگجو خواتینتصویر: picture-alliance / dpa

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق کا کہنا ہے، " ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ کیمپ اشرف اور اس کے قرب و جوار میں 34 لاشیں ہیں"۔ جینوا میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائےحقوق انسانی کے ترجمان Rupert Colville کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں جن میں سے اکثر کو گولیاں ماری گئیں تھی۔

اس کیمپ کی منتظم جماعت ’پیپلز مجاہدین آف ایران‘ کے مطابق گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز ہونے والے اس حملے میں تین سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس واقعے کے بعد بھی کئی حملے کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب عراقی حکومت کے ترجمان علی دباغ نے ایسی کسی بھی کاروائی میں جانی نقصان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام اس معاملے کی تفتیش کریں گے۔

Ashraf Camp im Irak Dreier-Kombo
پیپلز مجاہدین آف ایران کی جانب سے سکیورٹی فورسز اور کیمپ کے رہائشیوں کے درمیان تصادم کی جاری کردہ تصویرتصویر: AP/picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے دباغ کا کہنا تھا کہ ان کی سکیورٹی فورسز کا ماننا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کو ان کے اپنے کیمپ گارڈز نے فرار ہونے کی کوشش کرنے پر قتل کیا ہے۔ دباغ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی جانب سے ایسی کاروائی ماضی میں بھی کی جا چکی ہیں۔

ادھر عراقی فوج کے مطابق چھاپہ مارنے کے فوری بعد کیمپ کے رہائشیوں کی جانب سے فوج پر پتھراؤکیا گیا جو تصادم کی صورت اختیار کر گیا جس میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

کیمپ اشرف کو 1980ء میں اس وقت کے عراقی حکمراں صدام حسین نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں مخالف بیس کے طور پر قائم کیا تھا۔ اس کیمپ میں تین ہزار سے زائد مرد و خواتین اور بچے رہایش پزیر ہیں۔ تاہم امریکی فوج کی جانب سے 2003 میں عراق پر حملے کے بعد گزشتہ برس عراقی سکیورٹی حکام کو کیمپ کی حفاظت کا کام سونپ دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ کیمپ عراقی حکام کے لیے مشکلات میں اضافہ بنتا چلا گیا۔

اس کیمپ کی منتظم جماعت پیپلز مجاہدین آف ایران کا نام امریکی حکومت کی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں موجود ہے۔ اس کے باوجود امریکی سینٹ کی کمیٹی برائے امور خارجہ کے چئیرمین جان کیری نے اسے قتل عام قرار دیتے ہوئے عراقی فوج کی کاروائی کو نا قابل قبول قرار دیا ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں