1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عامر خان اور فرح خان 10 برس بعد پھر یکجا

13 جنوری 2011

بالی وڈ کی کامیاب ترین خاتون فلمساز فرح خان دس سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ انہیں عامر خان نے اپنی فلم’ Delhi Belly‘ کے ایک گیت پر رقص بندی کی دعوت دی ہے۔

https://p.dw.com/p/zx6q
تصویر: UNI

اب جبکہ فرح خان اپنی فلم ’تیس مار خان ‘ کی فلم سازی سے فارغ ہو چکی ہیں، یہ خبریں عام ہو رہی ہیں کہ بالی وڈ کی یہ کامیاب فلمساز ایک بار پھر کوریوگرافی کے شعبے میں سرگرم ہو رہی ہیں۔

عامر خان کے ساتھ دس سال کے طویل عرصے کے بعد پیشہ ورانہ سطح پر یکجا ہونے کی تصدیق خود فرح خان نے بھی کی ہے۔ تاہم فرح خان سے جب یہ پوچھا جاتا ہے کہ کیا اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ انہوں نے بالی وڈ میں اپنی اصل شناخت یعنی کوریوگرافی کی طرف واپس لوٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے تو ان کا جواب نفی میں ہوتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اب وہ کوریوگرافی کی طرف زیادہ سرگرم نہیں ہیں تاہم چند ایک فلموں کے گیتوں کے لیے وہ اب بھی رقص بندی کروانے میں مصروف ہیں۔

Bollywood Schauspieler Amir Khan
عامر خان کی خواہش پر فرح خان طویل عرصے بعد ان کے ساتھ کام کریں گیتصویر: AP

فرح خان کے مطابق اس سال عامر خان کے کہنے پر وہ ان کی فلم کے ایک گیت کے علاوہ وہ اپنے بھائی فلم سازساجد خان کی ہدایت کاری میں بنے والی فلم ’ Housefull 2‘ اور شوہر سریش کندر کی فلم ’جوکر‘ کے گیتوں کے لیے کوریوگرافی کریں گی۔اس کے بعد ان کی ساری توجہ ان کی نئی فلم کا سکرپٹ تحریر کرنے پر مرکوز ہو جائے گی۔

سیکس کے موضوع پر عامر خان کی پروڈکشن میں بنے والی نئی مذاحیہ فلم’Delhi Belly‘ گزشتہ سال ہی ابھینے دیو کی ہدایت کاری میں مکمل کی جا چکی ہے ۔ فلم میں مرکزی کردار عامر خان کے بھانجے اور معروف نوجوان اداکار عمران خان نے ادا کیا ہے اور فرح خان ان ہی پر فلمائے جانے والے گیت کی کوریوگرافی کریں گی۔کہا یہ جا رہا ہے کہ عامر خان چاہتے ہیں کہ فرح خان عمران خان پر فلمائے جانے والے رقص کے لیے ویسا ہی ساحرانہ ماحول ایک بار بھر ترتیب دیں جیسا خود عامر خان پر فلم ‘جو جیتا وہی سکندر’ کے مشہور زمانہ گیت ‘پہلا نشہ پہلا خمار’ کے لیے فرح خان نے اپنی کوریوگرافی سے ترتیب دیا تھا۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں