1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عام انتخابات 2018ء : خیبر پختونخواہ کے اہم حلقے کون سے ہیں؟

بینش جاوید
24 جولائی 2018

قومی اسمبلی میں صوبہ خیبر پختونخوا کی 39 نشستیں ہیں۔ اس صوبے میں لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ  ووٹر  25 جولائی کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

https://p.dw.com/p/321A9
Pakistan Opposition protestiert gegen regierung in Lahore
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/R. Sajid Hussain

سوات

سوات کے حلقہ این اے 2 سے مسلم لیگ ن کے امیر مقام کھڑے ہیں جن کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے حیدر علی خان سے ہوگا۔ سوات کے ہی حلقے این اے 3 سے مسلم لیگ ن کے لیڈر شہباز شریف کھڑے ہیں۔ سوات کے حلقے این اے 4 سے پاکستان تحریک انصاف کے مراد سعید کھڑے ہیں۔ کچھ روز قبل وہ عمران خان کو وہاں بلانے اور ایک بڑا جلسہ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

مالاکنڈ

 مالاکنڈ کے حلقہ این اے 8 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کھڑے ہیں۔ خیبر پختونخواہ کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ نہیں رہا لیکن ماضی میں یہ جماعت اس صوبے میں چند نشستوں پر کامیاب ہوچکی ہے۔ اس حلقے میں ان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے عامر نواب خان اور پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبر سے ہے۔

ہری پور

ہری پور کے حلقہ این اے سترہ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن عمر ایوب خان پر امید ہیں کہ وہ کامیاب ہو جائیں گے۔ یہاں ان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے بابر نواز  خان اور متحدہ مجلس عمل کے فاروق شاہ سے ہوگا۔

چارسدہ

چارسدہ کے حلقہ این اے 23 سے آفتاب خان شیر پاؤ اور حلقہ این اے 24 سے اے این پی کے اسفند یار ولی خان مضبوط امیدوار ہیں۔ چارسدہ میں لگ بھگ پونے نو لاکھ ووٹر ہیں۔

نوشہرہ

نوشہرہ کے حلقہ این اے 25 سے صوبے کے سابق وزیر اعلی اور پی ٹی آئی کے رہنما پرویز خٹک مضبوط امیدوار ہیں۔

پشاور

پشاور کے حلقہ این اے 27 سے پاکستان تحریک انصاف کے نور عالم خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی عظمیٰ عالمگیر کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پشاور کے حلقہ این اے 31 سے پاکستان تحریک انصاف کے شوکت علی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اخوند زادہ عرفان اللہ کھڑے ہیں۔  اور اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور کھڑے ہیں۔

بنوں

بنوں کے حلقہ این اے 35 سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کھڑے ہیں اور عام تاثر یہ ہے کہ  ان کی کامیابی کے قوی امکانات ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ این اے 38 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی کھڑے ہیں جن کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے مولانا فضل الرحمان سے ہے۔ اسی حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے علی امین گنڈا پور بھی کھڑے ہیں۔  اس حلقے میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔