1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہو گا

13 جون 2018

سن 2026 کا فٹ بال ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر منعقد کیا جائے گا۔ فٹ بال کے عالمی منتظم ادارے فیفا کی کانگریس میں ہوئی ووٹنگ میں ’متحدہ 2026‘ کی درخواست نے میدان مار لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2zUgU
FIFA-Kongress wählt Kanada, USA, Mexiko zu WM-Ausrichtern für 2026
تصویر: Getty Images/AFP/K. Kudryavtsev

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فٹ بال کے عالمی منتظم ادارے فیفا کے حوالے سے بتایا ہے کہ سن 2026 کا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسکو میں منعقد کیا جائے گا۔

روسی دارالحکومت ماسکو میں اس حوالے سے بدھ کے دن فیفا کانگریس کی ووٹنگ ہوئی، جس میں 134 ممبران نے ان تین ممالک میں عالمی کپ منعقد کرانے کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ 65 نے مراکش کی حمایت کی۔ یوں سن 1994 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ کا فائنل امریکا میں کھیلا جائے گا۔

سن 2026 کا عالمی کپ تاریخی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ ورلڈ کپ مقابلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہو گا۔ پہلی مرتبہ ان مقابلوں میں اڑتالیس ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی، جو چونتیس دونوں کے دوران مجموعی طور پر 80 میچ کھیلیں گی۔ شمالی امریکا میں اس ایونٹ کے انعقاد سے اس براعظم میں فٹ بال کے فروغ کی کوششوں کو تقویت بھی ملے گی۔

سن 2026 میں عالمی کپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے پر امریکی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کارلوس کورڈیریو نے کہا، ’’جیت فٹ بال کے کھیل کی ہی ہوئی ہے۔ اس کھیل میں ہم سب متحد ہیں۔ اس اعزاز کے لیے میں سب کا شکر گزار ہوں۔ ہمیں یہ خاص موقع دینے کا بہت بہت شکریہ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس عالمی کپ کی وجہ سے چودہ بلین ڈالر کا ریونیو جمع ہو گا جبکہ اس سے فیفا کو گیارہ بلین ڈالر کا منافع ہو گا۔

فیفا کی 68 ویں کانگریس کے دوران اس عالمی ادارے کے رکن 211 ممالک میں سے دو سو نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ کامیابی کے لیے امیدوار کے لیے کم ازکم 104 ووٹ حاصل کرنا لازمی تھے۔ تاہم شمالی امریکا کے ان تین ممالک کے اتحاد نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

میکسیکو ماضی میں دو مرتبہ (سن 1970 اور 1986) میں عالمی کپ مقابلوں کا انعقاد کرا چکا ہے جبکہ امریکا کو یہ اعزاز سن 1994 میں ملا تھا۔ کینیڈا میں ان مقابلوں کا انعقاد پہلی مرتبہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم سن 1995 میں خواتین کے عالمی مقابلوں کا انعقاد کینیڈا میں ہوا تھا۔

پروگرام کے مطابق اس ورلڈ کپ کے لیے سولہ شہروں میں میچ کھیلے جائیں گے، جن میں دس امریکی ہوں گے جبکہ کینیڈا اور میکسیکو کے تین تین شہروں کو یہ اعزاز حاصل ہو گا۔ ساٹھ میچ امریکا میں کھیلے جائیں گے اور کینیڈا اور میکسیکو میں دس دس میچ منعقد کیے جائیں گے۔ عالمی کپ 2026 کا فائنل میچ نیو یارک کے MetLife اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ع ب / ع ح /  خبر رساں ادارے