1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طوفان آئزک: اوباما نے لوئزیانا میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا

28 اگست 2012

امریکی صدر باراک اوباما نے آئزک طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر لوئزیانا میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ طوفان زور پکڑ رہا ہے اور نیو اورلینز کا علاقہ اس کے نشانے پر ہے۔

https://p.dw.com/p/15xhr
تصویر: AP

سمندری طوفان آئزک منگل کو اس علاقے سے ٹکرا سکتا ہے۔ اوباما سے پہلے لوئزیانا کے گورنر بوبی جِنڈل نے اتوار کو گلف کوسٹ کی اس ریاست کے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا تھا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایسی کوئی چیز نہیں جو اس طوفان کو مضبوط سے مضبوط تر ہونے سے روکے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے لوئزیانا کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان پیر کو کیا ہے۔ انہوں نے بوبی جِنڈل اور دیگر مقامی حکام کے ساتھ کانفرنس کال کے دوران کہا کہ وہ اس حوالے سے وفاقی فنڈز اور مدد کا راستہ کھول رہے ہیں۔ فیڈرل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی (ایف ای ایم اے) کے ایڈمنسٹریٹر کریگ فوگیٹ اور دیگر اہلکاروں نے طوفان کے حوالے سے باراک اوباما کو بریفنگ بھی دی۔

ایف ای ایم اے نے محکمہ دفاع اور دیگر حکومتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر زیادہ خطرے میں گھرے علاقوں میں ہنگامی حالات کے تحت رَسد بھی پہنچائی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے: ’’صدر نے ایڈمنسٹریٹر فوگیٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ طوفان کی حتمی طاقت اور اثر سے قطع نظر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایف ای ایم اے تیار رہے۔‘‘

Barack Obama USA Presse
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

قبل ازیں کیریبیئن کے بعد فلوریڈا کے جنوب میں سمندری طوفان آئزک تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے ساتھ اتوار کو ٹکرایا تھا۔ اس وقت امریکی نیشنل ہریکن سینٹر نے کہا تھا کہ آئزک مضبوط ہوتے ہوئے درجہ دوم کے سمندری طوفان میں بدل سکتا ہے اور ہفتے کے وسط تک گلف کوسٹ میں فلوریڈا اور لوئزیانا کے درمیان کسی جگہ ٹکرا سکتا ہے۔یہ سمندری طوفان کترینا کے سات برس مکمل ہونے کا وقت ہو گا۔

نیو اورلینز سمیت لوئزیانا سے فلوریڈا پین ہینڈل تک گلف کوسٹ کے لیے طوفان کا انتباہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ 29 اگست 2005ء کو کترینا طوفان انہی علاقوں سے ٹکرایا تھا۔ اس کے نتیجے میں 18 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گلف کوسٹ میں املاک اور کاروبار کو بھاری مالی نقصان پہنچا تھا۔ خطرے میں گھرے علاقوں میں لوگ ویک اینڈ سے ہی خوراک ذخیرہ کرنے اور اپنے گھروں کو محفوظ بنانے میں لگے ہیں۔

اُدھر ریپبلکن حکام نے فلوریڈا کے علاقے ٹیمپا میں پیر کو اپنے نیشنل کنونشن کا افتتاح کیا تاہم بعد میں طوفان کے خدشے کے تحت یہ نشست منگل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

اس صدارتی کنونشن میں ریپبلکن صدارتی اُمیدوار مِٹ رومنی کا چھ نومبر کے انتخابات کے لیے صدر باراک اوباما کے مقابل باقاعدہ اُمیدوار کے طور پر اعلان کیا جائے گا۔

ng/ab (AFP, dpa)