1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان پر رپورٹنگ: برطانوی نشریاتی اداروں کے لئے ایوارڈ

29 ستمبر 2010

دوبرطانوی ٹیلی وژن چینلز نے پاکستان میں طالبان کے اثرورسوخ پر کی جانے والی رپورٹنگ پر ایمی ایوارڈز جیت لئے ہیں۔ یہ ایوارڈز نیوز اینڈ کرنٹ افئیرکی کیٹیگری کے لئے مختص تھے۔

https://p.dw.com/p/PPLJ
تصویر: AP

منگل کی شام نیویارک میں منعقد ہوئی ایک تقریب میں بین الاقوامی اکیڈمی برائے ٹیلی وژن آرٹس اورسائنسز نے یہ انعام سکائی نیوزاورچینل فور کےسپرد کئے۔

سکائی نیوزکو یہ ایوارڈ نیوز کیٹیگری کے لئے بہترین رپورٹنگ کرنے پر انعام دیا گیا جبکہ چینل فور کو کرنٹ افئیر کے لئے بہترین کوریج پر انعام سے نوازا گیا۔

سکائی نیوز نے مارچ سن 2009ء میں ایک خصوصی رپورٹ پیش کی تھی، جس میں سوات میں طالبان باغیوں کا قبضہ دکھایا گیا تھا۔

سکائی نیوز کے چیف نامہ نگار سٹیورٹ رمسے وہ پہلے غیر ملکی صحافی تھے، جو سوات میں طالبان باغیوں کے قبضےکے بعد وہاں پہنچے تھے۔ رمسے طالبان کی خصوصی اجازت کے بعد وہاں پہنچے تھے اور انہوں نے اس دوران وہاں کئی اہم مناظر فلمبند کئے۔ ان کی پیشکش Pakistan - Terror's Frontline میں دکھایا گیا ہے کہ سوات میں طالبان باغیوں نے کس طرح قبضہ کیا تھا۔

Pakistan Flüchtlinge Kinder vor UNHCR Zelten
پاکستان میں جنگجوؤں کے خلاف حکومتی کارروائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے بچےتصویر: picture alliance / landov

ایمی ایوراڈزکی کرنٹ افئیر کی کیٹیگری کے لئے چینل فور کی پیشکش Dispatches – Pakistan's Taliban Generation کو انعام دیا گیا۔ اس دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ طالبان باغی کس طرح مدرسوں سے بچوں کو حملوں کے لئے بھرتی کرتے ہیں اور وہاں نوجوان نسل کس طرح انتہا پسندی کی طرف جاتی ہے۔

تقریب انعامات کے دوران بین الاقوامی اکیڈمی کے سربراہ بروس ایل پیسنر نے پاکستان میں طالبان باغیوں کے اثرورسوخ کو منظرعام پر لانے کے لئے دلیرانہ صحافتی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خطرات کے باوجود جس طرح ان صحافیوں نے حقائق اکٹھے کئے ہیں اس کی ستائش لازمی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں