1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صدر اوباما کا کوریائی سرحد کا دورہ

25 مارچ 2012

جنوبی کوریا کے دورے پر پہنچے امریکی صدر باراک اوباما نے کوریائی ریاستوں کی باہمی سرحد کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر اوباما نے اسے ’فریڈم فرنٹیئر‘ یعنی آزادی کی سرحد کا نام دیا۔

https://p.dw.com/p/14REG
تصویر: AP

امریکی صدر نے سرحد کے قریب واقع کیمپ بونیفاس میں امریکی فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوجیوں کی ’لمبی قطار‘ کا حصہ ہیں جن کی بدولت جنوبی کوریا کی ترقی ممکن ہوئی۔ اوباما نے امریکی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’ آپ لوگ آزادی کی سرحد پر ہیں‘۔ صدر اوباما کا مزید کہنا تھا کہ انہیں اپنی فوج پر فخر ہے۔

سرحد کے قریب واقع جنونی کوریائی علاقے میں موجود اس کیمپ میں امریکہ کے 28  ہزار پانچ سو فوجی تعینات ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق امریکی صدر کی طرف سے اس کیمپ کے دورے کا مقصد اپنے فوجیوں کی خدمات کو سراہنے کے علاوہ اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی تھا کہ امریکہ جنوبی کوریا کی حفاظت کے لیے کس قدر سنجیدہ ہے۔

USA Bildgalerie 100 Tage Barack Obama Südkorea
جنوبی کوریا اور امریکا کے صدور گفتگو کرتے ہوئےتصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما جوہری سکیورٹی کے حوالے سے ہونے والی 53  ملکی کانفرنس میں شرکت کے لیے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول پہنچے۔ اس کانفرنس کا آغاز کل یعنی پیر 26 مارچ سے ہوگا۔ اس مرتبہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ تجربے سمیت ایران کا جوہری پروگرام بھی زیر بحث رہے گا۔ کانفرنس میں جوہری دہشت گردی جیسے موضوعات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ابتدائی رپورٹوں کے مطابق اس کانفرنس میں روسی اور امریکی صدر سمیت دنیا کے پینتالیس ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت  شرکت کریں گے۔ ان میں بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے علاوہ پاکستانی وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی بھی شامل ہوں گے۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول پہنچ چکے ہیں۔ بان کی مون نے ہفتہ 24 مارچ کو جنوبی کوریا کے صدر لی ميونگ بک ملاقات بھی کی ہے۔ اس موقع پر بان کی مون کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے تازہ اعلان سے پورے خطے کے استحکام پر اثر پڑا ہے۔ صدر لی کے دفتر سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا طویل رینج کی میزائل فائر کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

سیئول میں ہونے والی جوہری سکیورٹی کی کانفرنس کے دوران منگل 27 مارچ کو امریکی صدر اور پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی ملاقات بھی طے ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عابد حسین