1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صابن سے ہاتھ دھوئیں، اپنے بچوں کی جان بچائیں

کشور مصطفیٰ15 اکتوبر 2015

اقوام متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں ہر روز 800 بچے حفظان صحت کی ابتر صورتحال کے سبب اسہال کا شکار ہو کر موت کے مُنہ میں چلے جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Gojb
تصویر: AFP/Getty Images/C. Binani

اقوام متحدہ کے بہبود اطفال کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سے ممالک میں لوگ صابن سے ہاتھ دھونے جیسے آسان عمل کو نظر انداز کرتے ہوئے خود گوناگوں بیماریوں کو دعوت دیتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق صابن سے ہاتھ دھونا دراصل بہت سی بیماریوں اور انفیکشن یا عفونت سے بچنے کے لیے بروئے کار لایا جانے والا آسان ترین اور سستا ترین عمل ہے۔

یونیسیف کے پانی، حفظان صحت اور صحت و صفائی سے متعلق پروگرام کے سربراہ سنجے وجے سکرا اس بارے میں کہتے ہیں، ’’پانی اور ٹوائلٹ تک رسائی کے ساتھ ساتھ حفظان صحت، خاص طور سے صابن سے ہاتھ دھونے کا عمل بیماریوں سے بچاؤ کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر عمل ہے‘‘۔

Symbolbild Kinderarbeit Haushalt Hausarbeit ILO-Bericht
زیادہ تر افریقی ممالک میں پینے کا صاف پانی اب بھی عوام کو میسر نہیں ہےتصویر: picture-alliance/dpa

یونیسیف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیاد بچوں کی اموات ذیلی افریقہ کے خطے میں ہوتی ہیں اور اس خطے کے زیادہ تر ممالک کی صرف قریب نصف آبادی ہاتھ دھوتی ہے، یہاں تک کے ان کے صحت کے مراکز یا کلینکس وغیرہ میں اکثر ہاتھ دھونے کی سہولیات کا فقدان پایا جاتا ہے۔

ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے موقع پر یونیسیف کی طرف سے دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے، ’’افریقہ میں لگ بھگ 42 فیصد صحت کے مراکز ایسے ہیں جہاں 500 میٹر ارد گرد کے علاقے میں پانی کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔‘‘

سنجے وجے سکرا کہتے ہیں، ’’یہ سلسلہ بچوں کی پیدائش کے وقت ہی سے شروع ہو جاتا ہے۔ بچے کی تولید کے عمل میں معاونت کرنے والی مِڈ وائف یا طبی عملے کے دیگر اراکین ہاتھ دھوئے بغیر اپنا کام انجام دے رہے ہوتے ہیں اور اُن نازک لمحات میں ہی وہ بچے کو مہلک جراثیم منتقل کر دیتے ہیں۔ اس طرح نو مولود بچوں سے لے کر اسکول جانے والے بچوں تک کے لیے ہاتھ دھونے کا عمل اُن کی صحت کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ یہ حفضان صحت کا سستا، سادہ اور مؤثر ترین ذریعہ ہے‘‘۔

Ebola Westafrika Liberia
ایبولا کے پھیلاؤ کے بعد سے افریقہ میں حفظان صحت پر غیر معمولی زور دیا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ستمبر کے ماہ میں عالمی رہنماؤں نے اقوام متحدہ میں 17 پائیدار ترقیاتی اہداف SDG اختیار کیے تھے جن کا مقصد ترقیاتی عمل کی راہ میں حائل مشکل ترین مسائل دور کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے اور اس میں پانی تک رسائی اور حفضان صحت جیسے اہم عوامل بھی شامل ہیں۔

یونیسیف نے کہا ہے کہ اگر بچوں کو صابن سے ہاتھ دھونے کا عادی نہیں بنایا گیا تو ان کی اموات میں اضافہ ہوتا رہے گا اور یہ اس لیے باعث افسوس امر ہوگا کہ بچوں کی اموات کی وجہ ایسی بیماریاں بنیں گی جن سے ان بچوں کو بچایا جا سکتا ہے۔