1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شیخ رشید کی گرفتاری، ’سافٹ ویئر‘ اپ ڈیٹ کی کوشش؟

عبدالستار، اسلام آباد
2 فروری 2023

تحریک انصاف کے رہنماؤں کاکہنا ہےکہ حکومت اپنے خلاف اٹھنے والی توانا آوازیں بند کرنے کے لیے اسٹبلشمنٹ سے مدد لے رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کو قانون کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4N1iX
Pakistan Eröffnung des neuen Parlaments 1. Juni 2013
تصویر: picture-alliance/dpa

شیخ رشید  کی گرفتاری کے بعد جہاں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان الزامات کا تبادلہ ہو رہا ہے، وہیں ملک کے کئی حلقوں میں یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ آخر سابق وزیر داخلہ کو گرفتار کیوں کیا گیا؟ کچھ کے خیال میں حکومت پی ٹی آئی کے ہاتھ پیر باندھنا چاہتی ہے جب کہ کچھ کی رائے یہ ہے کہ یہ گرفتاریاں ن لیگ اور جی ایچ کیو کا مشترکہ کام ہے۔ کچھ حلقے ایسے بھی ہیں، جو ان گرفتاریوں کو صرف حکومت کے کھاتے میں ڈالتے ہیں۔

Pakistan Islamabad Versammlung Imran Khan
شیخ رشید تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی اتحادی ہیںتصویر: picture alliance/ZUMA Press

سابق صدر آصف علی زرداری پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قتل کی سازش کرنے سے متعلق بیان پر شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کےبعد پولیس نے سابق وفاقی وزیر کو بدھ کی رات  گرفتار کر لیا تھا۔ جمعرات کو اسلام آباد کی ایک عدالت نے شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کے حوالے کر دیا۔

مشترکہ کام

پی ٹی آئی کا دعوٰی ہے کہ شیخ رشید کی گرفتاری میں جی ایچ کیو اور موجودہ حکومت دونوں کا ہاتھ ہے۔ پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر برائے سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''ہمارے خیال میں یہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا مشترکہ اقدام ہے، جو ان کی حواس باختگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کا خیال ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کو ڈرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔‘‘

’سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نہیں ہو گا‘

جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں۔ انہوں نے کہا، ''ملک کے طاقتور حلقوں کا خیال ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے لوگوں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کر لیں گے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ عمران ریاض، جمیل فاروقی، شہبازگل، اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو گرفتار کیا اور کسی کا بھی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نہیں ہوا۔ سب اپنے موقف پر قائم ہیں۔ طاقت ور حلقے یہ بات سمجھیں لیں کہ اس طرح سے سافٹ ویئراپ ڈیٹ نہیں ہوگا۔‘‘

خیال رہے کہ کسی شخص کو گرفتار کر کہ پھر اسے اپنی مرضی کے مطابق کوئی بیان لینے یا اس کی زبان بندی کے عمل کو استہزائیہ طور پر 'سافٹ وئیر اپڈیٹ‘ کا نام دیا جاتاہے۔

جمشید اقبال چیمہ کے مطابق پی ٹی آئی ان گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور احتجاج کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔

Pakistan | Premierminister Shehbaz Sharif
نون لیگ کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صرف آئین کی عمل داری یقینی بنانا ہےتصویر: Asif Hassan/AFP/Getty Images

 کوئی انتقام نہیں

مسلم لیگ نون اس بات کی تردید کرتی ہے کہ شیخ رشید کی گرفتاری سیاسی انتقام لینے کے لیے کی گئی ہے۔ پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' مسئلہ یہ بالکل سادہ ہے۔ شیخ رشید نے قانون کی خلاف ورزی کی۔ ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہوئے اور ان کو گرفتار کیا گیا۔یہ حکومت نے اپنے طور پر کیا ہے، اس کا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، جو اپنی حدود میں رہ کر کام کر رہی ہے۔‘‘

 اقبال ظفر جھگڑا نے اس بات کی بھی بھرپور تردید کی کہ ان کی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ مل کر  کرپی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کاروائی کر رہی ہے۔ ''  ہم اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ساز باز کریں کیونکہ اسٹیبلشمنٹ کی آئینی حدود اسے سیاست میں ملوث ہونے سے روکتی ہیں۔ اگر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر کچھ کرنا ہوتا تو آج میاں نواز شریف ملک سے باہر نہ بیٹھے ہوتے۔ ہماری تاریخ رہی ہے کہ ہم نے ہمیشہ آئینی پوزیشن لی ہے اور ملک میں آئین کی بالادستی کے لیے ہر اس ادارے سے ٹکر لی ہے، جس نے اپنی آئینی حدود سے باہر نکلنے کی کوشش کی ہے۔‘‘

کچھ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ مسلم لیگ نون یہ سمجھتی ہے کہ اس کو اگلے انتخابات کے لیے برابری کا میدان میسر نہیں، جو وہ شیخ رشید اور دوسری گرفتاریوں کے ذریعے حاصل کرنا چاہتی ہے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار حبیب اکرم نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا، '' جس طرح 2018 ء کے انتخابات سے پہلے ن لیگ کے حالات تھے، اسی طرح کے حالات ن لیگ پی ٹی آئی کے لئے چاہتی ہے۔ اور اس کے لئے  مزید گرفتاریاں کی جا سکتی ہیں اور عمران خان کو نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔‘‘

حبیب اکرم کے مطابق ن لیگ کی لیول پلئینگ فیلڈ کی یہ تعریف ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کے بالکل ہاتھ پیر باندھ دیئے جائیں۔ ان کے لوگوں کو گرفتار کیا جائے اور عمران خان کو نااہل کیا جائے تاکہ نون لیگ کو گراؤنڈ بالکل کھلا مل جائے۔

پاکستان میں مہنگائی نے ’دو وقت کی روٹی کمانا مشکل کر دی‘