1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا: اعلیٰ قیادت میں تبدیلی کے امکانات

26 جون 2010

شمالی کوریا کی حکمران کیمونسٹ پارٹی نے کہا ہے کہ وہ نئی قیادت کے چناؤ کے لئے ستمبر میں ورکرز پارٹی WPK کا کنوینشن منعقد کریں گے۔

https://p.dw.com/p/O3vT
تصویر: AP

ملکی فوج اور سیاسی منظر نامے پر کئی تبدیلیوں کے بعد کوئی تیس سال بعد اس کنوینش کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی KCNA کے مطابق نئے سربراہ کو منتخب کرنے کے لئے یہ خصوصی کنوینشن ستمبر کے اوائل میں منعقد کیا جائے گا۔ ناقدین کا خیال ہے کہ کیمونسٹ کوریا کے موجودہ رہنما کم یونگ اِل کی جگہ ان کے چھوٹے بیٹے کم یونگ اُون کو پارٹی کا نیا رہنما منتخب کیا جا سکتا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس کنوینشن میں پیونگ یانگ کی اس پارٹی کے انتظامی ڈھانچے میں کئی اہم تبدیلیاں بھی لائی جائیں گی۔

Nordkorea Rally in Pjöngjang am Kim Il Sung Platz als Zeichen der Solidarität
کیمونسٹ پارٹی اب بھی پالیسی معاملات میں فوج کی رہنمائی کرتی ہےتصویر: AP

68 سالہ اِل کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ شدید علیل ہیں۔ مختلف خبروں کے مطابق سن 2008 کے دوران اِل سٹروک کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد سے وہ اپنی ذمہ داریاں ٹھیک طریقے سے نبھانے کے قابل نہیں ہیں۔

سیاسی تحزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں کے دوران شمالی کوریا کی کیمونسٹ سیاسی جماعت کی اہمیت کافی کم ہو گئی ہے اور کئی اہم ملکی امور میں ملکی فوج پر انحصار کافی زیادہ ہو گیا ہے، تاہم یہ سیاسی جماعت ابھی بھی فوج کو پالیسی سطح پر گائیڈ کر رہی ہے۔

کم یونگ اِل کے تیسرے بیٹے اُون کی عمر اس وقت ستائیس سال ہے اور کئی حلقوں میں یہ شک پایا جاتا ہے کہ نا تجربہ کار ہونے کی وجہ سے کیا وہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت مؤثر طریقے سے سنبھال سکیں گے۔ سوئٹزرلینڈ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اُون کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ گزشتہ کچھ سالوں کے دوران وہ اپنے والد کے ساتھ ملکی سیاست میں عملی طور پر سرگرم ہیں۔

Wahl in Nordkorea
گزشتہ کچھ برسوں میں کیمونسٹ پارٹی کے اندر کئی اہم تبدیلیاں کر گئی ہیںتصویر: AP

سن 1980ء میں منعقد ہوئے ورکرز پارٹی کے ایک کنوینشن میں کم یونگ اِل کو ان کے والد کے جگہ پارٹی کا نیا رہنما بنایا گیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر اڑتیس برس تھی۔ سن 1994ء میں کم اِل سونگ کی وفات کے بعد کم یونگ اِل نے اپنے فرائص باضابطہ طور پر سنبھالے تھے۔

شمالی کوریا کی کیمونسٹ پارٹی میں اعلیٰ سطح کی تبدیلیوں کے لئے منعقد کئے جانے والے اس کنوینشن کا اعلان اس وقت کیا گیا جبکہ ایک روز قبل یعنی پچیس جون کو شمالی کوریا نے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کی ساٹھ سالہ تقریبات منائیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں