1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شرابی سماجی فاصلہ نہیں رکھ سکتے‘

5 جولائی 2020

اتوار کو برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ نائٹ پبس کھلنے کے بعد جتنی بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچے ہیں اس سے واضح ہوگیا کہ شراب پینے والے سماجی دوری کے ضوابط کا خیال بالکل نہیں رکھ سکتے۔

https://p.dw.com/p/3epNd
England London | Coronakrise: Pubs dürfen wieder öffnen
تصویر: Getty Images/P. Summers

برطانیہ میں تین ماہ کی بندش کے بعد ہفتے کو نائٹ پبس کھول دیے گئے ہیں۔ تاہم پولیس کے مطابق جتنی بڑی تعداد میں لوگ مرکزی لندن کے علاقے سوہو میں پہنچے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ شراب کے شوقین سماجی فاصلہ قائم نہیں کر سکتے۔ انگلینڈ میں ہفتے کے روز لاک ڈاؤن میں نرمی کو مقامی میڈیا نے 'سپر سیچر ڈے‘ اور 'یوم آزادی‘ قرار دیا تھا۔ فیصلے کے تحت پب اور ریستورانوں سمیت حجاموں کو بھی اپنی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ مارچ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ریستوران کھول دیے گئے ہیں۔

طلبہ کا رخ امریکا اور برطانیہ کی بجائے جرمنی کی طرف

کورونا، برطانیہ میں مسلمان، یہودی، ہندو اور سکھ زیادہ شکار 

دوسری جانب وزیراعظم بورس جانسن پر تنقید بھی کی جا رہی ہے کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کھولنے کے لیے ہفتے کا دن کیوں چنا، جب کہ ہفتے کے مقابلے میں اگر وہ پیر کا دن چنتے، تو یہ ان مقامات پر اس درجہ ہجوم نہ ہوتا۔ تاہم وزیراعظم جانسن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ہفتے کی جگہ پیر کا دن رکھا جاتا تو بھی کوئی زیادہ فرق نہیں پڑنا تا۔

تاہم برطانوی پولیس فیڈریشن کے سربراہ جان ایپٹر نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو ہفتے کو 'ہرہنہ افراد، نشے میں دھت، لڑائی کرتے شرابی اور لڑائیوں‘ سے نمٹنا پڑا۔ لندن ریڈیو سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا، ''یہ بالکل واضح ہو چکا ہے کہ شراب کے شوقین نہ سماجی فاصلے کا دھیان رکھ سکتے ہیں اور نہ رکھیں گے۔‘‘

England London | Coronakrise: Pubs dürfen wieder öffnen
پولیس کے مطابق متعدد مقامات پر شرابیوں کے درمیان ہاتھ پائی جیسے واقعات بھی رونما ہوئے۔ تصویر: Getty Images/P. Summers

اپٹر نے کہا کہ ہفتے کو کئی پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کے لندن سے باہر  اس طرح کے واقعات انگلینڈ بھر میں دیکھے گئے۔ اپٹر نے بتایا کہ  ہفتے کی شب جنوب مغربی ڈیوون اور کورن ویل کے علاقوں میں شرابیوں سے متعلق ایک ہزار کے قریب شکایات موصول ہوئیں۔

برطانیہ میں ویلز اور اسکاٹ لینڈ جولائی کے وسط میں شراب خانے جزوی طور پر کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ع ت، ش ج (نیوز ایجنسیاں)