1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد خاقان عباسی، پاکستان کے نئے وزیر اعظم

William Yang/ بینش جاوید
1 اگست 2017

پاکستان مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی ملک کے نئے وزیر اعظم منتخب کر لیے گئے ہیں۔ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے خاقان عباسی ملک کے عبوری وزیر اعظم ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2hVKR
Pakistan Jhang - Shahid Khaqan Abbasi im Interview mit Reuters
تصویر: Reuters/D. Jorgic

پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں یا قومی اسمبلی کے آج یکم اگست کو ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں ملک کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب مکمل ہو گیا۔ قومی اسمبلی میں کُل نشستوں کی تعداد 342 ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کی طرف سے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی نے 221 ووٹ حاصل کر کے یہ کامیابی حاصل کی۔ انہیں کامیابی کے لیے 172 ارکان کی حمایت درکار تھی۔

وزیر اعظم کے عہدے کے لیے مجموعی طور پر چھ ارکان قومی اسمبلی نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شیخ رشید جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے صاحبزادہ طارق اللہ اس عہدے کے لیے امیدوار تھے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے کشور زہرہ اور شیخ صلاح الدین  کو امیدوار بنایا گیا تھا تاہم اس جماعت نے پاکستان مسلم لیگ نون کی حمایت میں اپنے امیدواروں کے نام واپس لے لیے تھے۔

Pakistan Islamabad - Shahid Khaqan Abbasi
شاہد خاقان عباسی قبل ازیں وزیر پٹرولیم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھےتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

پاکستان کے 18 ویں وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے نتائج کے مطابق منتخب ہونے والے شاہد خاقان عباسی نے 221 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے قریب ترین حریف پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر رہے جنہوں نے 47 ووٹ حاصل کیے۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شیخ رشید نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے صرف چار ووٹ حاصل کیے۔

وزیر اعظم کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ محمد نواز شریف کی نا اہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔ انہیں پاکستانی سپریم کورٹ نے جمعہ 28 جولائی کو پانامہ کیس میں نا اہل قرار دے دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق نئے منتخب ہونے والے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی عبوری طور پر یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ 45 دنوں کے اندر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو کر پارلیمان کی باقی ماندہ مدت کے لیے یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔