1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیرینا ویلیمز نے یو ایس اوپن اپنے نام کرلیا

عاطف توقیر8 ستمبر 2008

امریکہ کی سیرینا ویلیمز نے دوسرے نمبر کی سرب کھلاڑی ژیلینا یانکووچ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/FDPk
تصویر: AP

نیویارک میں کھیلے جانے والے خواتین کے انفرادی مقابلوں کے فائنل میں عالمی سطح پرچوتھے نمبر کی امریکی کھلاڑی سیرینا نے ژیلینا یانکووچ کے خلاف اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئےاپنےکیرئیر کا نواں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا۔ امریکی اسٹار کی فتح کا اسکور چھ چار اور سات پانچ رہا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی سیرینا نے خواتین کی عالمی رینکنگ میں ایک مرتبہ پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ چھبیس سالہ سیرینا کا یہ تیسرا یو ایس اوپن ٹائٹل ہے۔ وہ اس سے قبل 1999 اور 2002 میں بھی یہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

یو ایس اوپن کے مردوں کے انفرادی مقابلوں میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور برطانیہ کے اینڈی مرے آمنے سامنے ہوں گے۔ برطانوی کھلاڑی مرے نے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک رافائل ندال کو اپ سیٹ شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ سیمی فائنل ہفتے کو شروع ہوا لیکن بارش کے سبب اسے اتوار کی شام تک ملتوی کردیا گیا ۔ مرے نے ندال کو چھ دو ، سات چھ، چار چھ اور چھ چار سے زیر کیا۔