1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیالکوٹ: اسلحہ ڈپو میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

20 مارچ 2022

پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وسطی شہر سیالکوٹ میں ایک اسلحہ ڈپو میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے مطابق یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔

https://p.dw.com/p/48kkN
فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa/B. Arbab

اتوار 20 مارچ کی صبح سیالکوٹ گیریژن کے قریب واقع ایک اسلحہ ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے کے حوالے سے مختلف شہریوں کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر میں آگ کے شعلے فضا میں بلند ہوتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں اور اطلاعات کے مطابق اس دوران دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

اس واقعے کے حوالے سے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسلحے کے گودام میں آگ حادثاتی طور پر لگی اور یہ کہ اس آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گولہ بارود کے شیڈ میں یہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث  لگی اور  مؤثر اور بروقت کارروائی کرکے اس آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا پر سیالکوٹ واقعہ آج اتوار کی صبح سے ہی ٹرینڈ کر تا رہا۔ ٹوئیٹر صارفین اس واقعے کے حوالے سے اپنے خیالات اور دیگر تفصیلات شیئر کرتے رہے۔ اس موقعے پر اپنے ٹوئیٹر پیغامات میں بہت سے لوگوں نے سیالکوٹ کے شہریوں کی حفاظت و سلامتی کے لیے نیک تمناؤں اور دعائیہ جذبات کا اظہار کیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بھی آگ پر پوری طرح قابو پالیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کے واقعے کے بعد قریبی سویلین آبادیوں کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا تھا اور شہریوں کو متاثرہ مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس واقعے کے فوراﹰ بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا تھا اسی وجہ سے کوئی بڑا مالی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

وسطی پنجاب کا شہر سیالکوٹ صوبے کا اہم صنعتی مرکز ہے جہاں بننے والی مصنوعات دنیا کے مختلف علاقوں میں برآمد کی جاتی ہیں۔ فٹ بال کے عالمی کپ میں کھیلنے والی ٹیمیں اس شہر میں بننے والے فٹ بال سے کھیلتی رہی ہیں۔