1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سکائپ کا خریدار مائیکروسوفٹ

11 مئی 2011

کمپیوٹر کے سوفٹ ویئر پروگرام تیار کرنے والے عالمی شہرت کے ادارے مائیکرو سوفٹ نے انٹرنیٹ پر آواز و تصویرکے ذریعے رابطے کے ادارے سکائپ کو خریدنے کی ڈیل کو حتمی شکل دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/11DND

مائیکرو سوفٹ نےانٹرنیٹ پر گوگل اور فیس بک جیسے نامی گرامی اداروں کو مات دینے کی ایک اور کوشش میں سکائپ ادارے کی خریدنے کے پلان کو مکمل کرلیا ہے۔ سکائپ اور مائیکروسوفٹ میں اتفاق رائے سامنے آ گیا ہے۔ سکائپ کی خرید میں سیسکو، فیس بک اور گوگل نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ مائیکرو سوفٹ نے سکائپ کی ڈیل کو ساڑھے آٹھ ارب ڈالر میں فائنل کیا ہے۔

مائیکروسوفٹ کی جانب سے اس ڈیل پر ماہرین اور مبصرین نے قدرے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق سکائپ کی خرید کے لیے مائیکروسوفٹ نے بہت زیادہ رقم کی پیشکش کی ہے۔ اس بات پر ان کو ضرور اتفاق ہے کہ مائیکروسوفٹ کی جانب سے یہ ڈیل یقینی طور پر اسٹریٹیجیک نوعیت کی ہے اور اس کے انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں خاصا اضافہ ہو گا۔

Microsoft und Skype Flash-Galerie
ڈیل کے مطابق سکائپ، مائیکروسوفٹ کا ایک نیا کاروباری ڈویژن ہو گاتصویر: picture-alliance/dpa

سکائپ کے استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 170 ملین سے زائد بتائی جاتی ہے۔ اب یہ تمام صارفین ڈیل کے مکمل ہونے کے بعد مائیکروسوفٹ کے ونڈوز سے لیس ٹیلی فون کا باآسانی استعمال کر سکیں گے۔ مائیکروسوفٹ کے چیف ایگزیکٹو سٹیو بالمر کا اس ڈیل کے حوالے سے کہنا ہے کہ سکائپ صارفین کے درمیان رابطے کا ایک محبوب ذریعہ ہے اور ان کے ادارے کی جانب سے لاکھوں افراد کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ اب سکائپ، مائیکرو سوفٹ نے خرید لیا ہے۔ بالمر کے مطابق اس خرید کے بعد سکائپ اور مائیکروسوفٹ رابطے اور پیغام رسانی کے ایسے مستقبل کو تراشیں گے کہ اس میں خاندان، دوست، کاروباری حضرات اور دوسرے تمام لوگ انٹرنیٹ پر ایک حقیقی دنیا سے آشنا ہو سکیں گے۔

ڈیل کے مطابق سکائپ، مائیکروسوفٹ کا ایک نیا کاروباری ڈویژن ہو گا۔ اس کا نیا نام مائیکرو سوفٹ سکائپ ڈویژن تجویز کیا گیا ہے۔ اس ڈویژن کے سربراہ ٹونی بیٹس ہوں گے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اس کاروباری ڈیل سے مائیکرو سوفٹ کو سب سے بڑا فائدہ یہ ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے پروگرام سوفٹ ویئر بنانے کے امیج کو سمارٹ فون کلچر میں تبدیل کر سکے گا۔ اس مناسبت سے خیال کیا گیا ہے کہ مستقبل کے سمارٹ فون کلچر کے تناظر میں یہ انتہائی اہم ڈیل ہے۔ اس سے قبل گوگل بھی اینڈرائیڈ سسٹم کو متعارف کروا چکا ہے۔ ایپل کا اپنا سمارٹ فون نظام موجود ہے۔ اس مناسبت سے خیال کیا جا رہا ہے کہ مائیکروسوفٹ بھی سمارٹ فون کلچر میں قدم جمانے کے لیے کوئی نیا سسٹم متعارف کروانے کی پلاننگ کر سکتا ہے۔

NO FLASH Microsoft und Skype
سکائپ کا قیام سن 2003 میں عمل میں آیا تھاتصویر: picture-alliance/David Ebener

تمام سمارٹ فونز پر گوگل کی دستیابی انتہائی آسان ہے۔ مائیکروسوفٹ کا اپنا سرچ انجن ‘بِنگ’ اس دوڑ میں بہت پیچھے ہے۔ یاہو سرچ انجن کے ساتھ کاروباری تال میل سے بھی بِنگ کو لفٹ نہیں کیا جا سکا ہے۔ مائیکروسوفٹ نے یاہو سرچ انجن کو بھی خریدنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ اب تک کا مائیکروسوفٹ کا یہ سب سے بڑا کاروباری سودا ہے۔ ابھی اس ڈیل کی امریکی ریگولیٹری ادارے کی جانب سے منظوری دینا باقی ہے۔

سکائپ کا قیام سن 2003 میں عمل میں آیا تھا۔ سن 2005 میں اسے ای بے (Ebay) نے خریدا تھا۔ سن 2009 میں ای بے نے سکائپ کو سرمایہ کاری کے سلور لیک نامی ادارے کے ہاتھ بیچ دیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں