1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی خاندان سپین میں سوئمنگ پول میں ڈوب کر ہلاک

25 دسمبر 2019

کرسمس پر سپین میں چھٹیاں منانے والے ایک برطانوی خاندان کے تین افراد سوئمنگ پول میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ بظاہر سوئمنگ پول کا خراب پمپ باپ اور دو بچوں کی ہلاکت کا سبب بنا۔

https://p.dw.com/p/3VJl2
Swimming Pool In Tenerife
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/N. Economou

ہسپانوی حکام کے مطابق یہ واقعہ کرسمس کی شام ہسپانوی علاقے اندالوسیا کے شہر مالاگا کے ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں پیش آیا۔ اپارٹمنٹ میں ایک برطانوی خاندان چھٹیاں منانے کے لیے ٹھہرا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی بیوی نے ایمرجنسی سروس کو سوئمنگ پول میں اپنے بچوں اور خاوند کے ڈوب جانے کی اطلاع دی۔ اس واقعے میں ایک 53 سالہ برطانوی شہری، اس کا سولہ سالہ بیٹا اور نو سالہ بیٹی ہلاک ہو گئے۔

مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''آفیسرز کو سوئمنگ پول میں پانی کے نیچے تین افراد ملے ۔۔۔ بدقسمتی سے تینوں کی موت واقع ہو چکی تھی اور انہیں بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا جا سکتا تھا۔‘‘

اسپین : فضائی حادثے میں تین جرمن ہلاک

اطلاعات کے مطابق نو سالہ بیٹی سوئمنگ پول میں اتری تو وہ ڈوبنے لگی۔ اسے بچانے کے لیے باپ اور بیٹے نے بھی سوئمنگ پول میں چھلانگ لگا دی۔ بظاہر سوئمنگ پول کے پمپ میں خرابی کے باعث ایک ہی خاندان کے یہ تینوں افراد ڈوب گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان تینوں کی ہلاکت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہی معلوم ہو سکے گی۔

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق رہائشی اپارٹمنٹ کرائے پر دینے والی کمپنی 'کلب لا کوسٹا‘ نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے، ''کلب لا کوسٹا ورلڈ ریزورٹ کی انتظامیہ تہہ دل سے متاثرہ خاندان سے ہمدردی اور ان ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتی ہے۔‘‘

میڈرڈ میں ’بالی وُڈ آسکرز‘، سیاحت بڑھانے کی کوشش

یہ برطانوی خاندان اس برس کرسمس کسی ایسی جگہ منانا چاہتا تھا جہاں وہ دھوپ سے بھی لطف اندوز ہو سکے۔

ش ح / م م (روئٹرز، اے ایف پی)