1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپر کیلس:پونٹنگ سے آگے

6 جنوری 2011

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز اور تیز بالر ژاک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نئے سنگ میل کو عبور کر لیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی سینچریوں میں وہ اب رکی پونٹنگ کو چھوڑتے ہوئے آگے بڑھ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/zu4S
تصویر: AP

انہوں نے اپنی چالیسویں سینچری بھارت کے خلاف مکمل کی۔ جنوبی افریقہ کے شہرکیپ ٹاؤن کے گراؤنڈ نیو لینڈ پر بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بیمار ژاک کیلس نے مضبوط چٹان کا ثبوت دیا۔ انہوں نے پہلی اننگ کی طرح تنہا بھارتی بالروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ایک بار پھر سینچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ بیماری کے باعث وہ پہلے ہی ایک روزہ میچوں سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان کو کم از کم دو ہفتوں کے لئے آرام کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیو لینڈ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں کیلس نے سینچریاں بنائی ہیں۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 161 اور دوسری میں 109 رنز بنائے ہیں۔ اس طرح کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ میں چالیس سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس مقام تک پہنچنے والے وہ دوسرے بلے باز ہیں۔ ان کے علاوہ چالیس یا چالیس سے زائد سینچریاں بھارتی بیٹسمین سچن تنڈولکر بنا چکے ہیں۔ اسی ٹیسٹ میں تنڈولکر نے 51 ویں سینچری مکمل کی تھی۔ ژاک کیلس نے پہلی اننگز میں سینچری مکمل کر کے آسٹریلوی کرکٹر پونٹنگ کی انتالیس سینچریوں کے ریکارڈ کو برابر کیا تھا۔ دوسری اننگز میں پونٹنگ کو کیلس نے تیسرے مقام پر دھکیل دیا ہے۔ اب ٹیسٹ کرکٹ میں 39 سینچریوں کے ساتھ آسٹریلیا کے علیل کپتان رکی پونٹنگ تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ دو دن پہلے تک وہ دوسرے مقام پر تھے۔ اسی لیے ریکارڈز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کبھی بھی پائیدار نہیں ہوتے۔ کسی نہ کسی مقام پر کوئی نہ کوئی ان کو توڑ دیتا ہے۔

Cricket Team Bangalore Royal Challengers
ژاک کیلس ، بائیں جانبتصویر: AP

چالیسویں سینچری مکمل کرنے پر ٹیسٹ کرکٹ میں کیلس کا مجموعی اسکور بھی بارہ ہزار کے قریب پہنچ گیا ہے۔ وہ اس ہدف سے ابھی 53 رنز پیچھے ہیں۔ نیو لینڈ میں وہ دوسری اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اس سینچری کے بعد اوسط چھپن سے بلند ہو کر ستاون فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ ژاک کیلس بالنگ میں بھی اپنا سکہ جما چکے ہیں۔ ان کی ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 270 ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں