1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوچی کے خلاف مقدمہ، عدالت نے فیصلہ مؤخر کر دیا

30 نومبر 2021

میانمار سے ذرائع نے بتایا کہ خاتون رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف عدالت نے فیصلے کا اعلان ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ الزام ثابت ہونے کی صورت میں سوچی بقیہ تمام عمر جیل میں بسر کر سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/43fBo
Myanmar | Frühlingsrevolution in Myanmar | Protester
تصویر: May James/ZUMA Wire/picture alliance

میانمار کی ایک عدالت نے معزول مگر انتہائی مقبول سیاسی رہنما اور نوبل انعام یافتہ سیاستدان آنگ سان سوچی کے خلاف ایک مقدمے کے ابتدائی فیصلے کا اعلان ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ اب عدالت چھ دسمبر کو فیصلہ سنائے گی۔

اس مقدمے میں ان پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے کووڈ انیس کے ضوابط کی خلاف ورزی کے علاوہ فوج کے خلاف لوگوں کے جذبات بھڑکائے تھے۔ یہ ان کے خلاف قائم مختلف مقدمات میں سے ایک ہو گا، جس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

Myanmar | Win Htein
تصویر میں آنگ سان سوچی کے ساتھ ان کے ایک معاونِ خصوصی یو وِن ہتین بیٹھے ہیں، انہیں بیس برس کی سزائے قید کا حکم سنایا گیا ہےتصویر: AFP/Getty Images

انہیں رواں برس پہلی فروری کو فوجی بغاوت کے بعد فوج کے سب سے سینیئر جرنیل کی قیادت میں قائم ہونے والی حکومت نے گرفتار کیا گیا تھا۔ پہلی فروری سے انہیں مقید رکھا گیا ہے۔

میانمار: مخالفین کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کا خدشہ

سوچی کے خلاف الزامات

فوجی بغاوت کے بعد سے انگ سان سوچی کو گرفتار کرنے کے بعد فوجی حکومت کے استغاثہ نے ان پر کئی قسم کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔ ان میں ایک تو وہ ہے، جس کا فیصلہ اب چھ دسمبر کو سنایا جائے گا اور اس میں انہیں کورونا وبا کے نافذ کردہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کے الزام کے ساتھ فوج کی خلاف عوامی جذبات بھڑکانا بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور مقدمے میں بغیر لائسینس کے واکی ٹالکی ٹیلی فون سیٹ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایک اور مقدمہ سرکاری راز کے قانون کی عدم پاسداری ہے۔ انہیں الیکٹورل فراڈ کے مرتکب ہونے کے الزام کا بھی سامنا ہے۔ ان پر ایک دوسرا الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے غیر قانونی انداز میں چھ لاکھ ڈالر کی نقد رقم اور سونے کی وصولی کی تھی۔

'میانمار کا مسئلہ آسیان کی صلاحیتوں کا امتحان ہے'

میانمار کے دوسرے سیاستدانوں کو سزائیں

حالیہ ہفتوں کے دوران آنگ سان سوچی کی سیاسی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے کئی اعلیٰ عہدے داران اور اہم ملکی سیاستدانوں کے خلاف مختلف الزامات کے تحت عدالتی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 

Myanmar Naypyitaw | Senior General Min Aung Hlaing
میانمار میں رواں برس پہلی فروری کی فوجی بغاوت کی قیادت سینیئر جنرل مِن آنگ ہلینگ نے کی تھیتصویر: REUTERS

ایک سابق چیف منسٹر تھان نیئنگ کو نومبر کے اوائل میں ملکی عدالت نے پچھتر سال کی سزائے قید سنائی ہے۔ اسی طرح سوچی کے ایک معاونِ خصوصی یو وِن ہتین کو بیس برس کی سزائے قید کا حکم سنایا گیا ہے۔

فوجی بغاوت کے بعد جمہوری حکومت کا خاتمہ کر دیا گیا تھا اور اس وقت ملک کے صدر وِن مِنٹ کو بھی خاتون رہنما کی طرح گرفتار کر لیا گیا تھا۔ انہیں بھی کئی الزامات کا سامنا ہے اور وہ بھی عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

میانمار: پانچ ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

فوجی حکومت کے مخالفین کے بیانیہ سے ملکی عدالتوں کے بارے میں جو عمومی تاثر پیدا ہو چکا ہے، اس کے مطابق تمام ملکی سول کورٹس فوج کے احکامات کی پاسداری کرتی ہیں اور ان کے فیصلے بھی فوجی جرنیلوں کی مرضی کے تابع ہوتے ہیں۔

ع ح/ع ب (اے ایف پی روئٹرز)