1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

سوشل میڈیا راؤنڈ اپ

بینش جاوید
19 مئی 2017

رواں ہفتے سوشل میڈیا پر مختلف موضوعات سمیت کلبھوشن یادیو، سی پیک، اور امریکی صدر کے پہلے غیر ملکی دورے زیر بحث رہے۔

https://p.dw.com/p/2dGWx
Saudi Arabien vor dem Trump Besuch
تصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine

بین الاقوامی عدالت انصاف نے پاکستان کو بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کی پھانسی روک دینے کا حکم  دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کا معاملہ اس عدالت کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ یہ فیصلہ سناتے ہوئے جج رونی نے کہا کہ  پاکستان اور بھارت کے درمیان ویانا کنوینشن کے تحت مجرموں تک سفارتی رسائی کے معاملے میں اختلاف پایا جاتا ہے اور اس عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جا سکتی۔ اس فیصلہ سنائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ کلبھوشن یادیو ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس مضمون پر ہمیں ذولفقار احمد، اختر ضمان، اقبال بنگش، سلیم خان اور دیگر کئی صارفین نے کامنٹس لکھے۔

رواں ہفتے پاکستان کے وزیر اعظم نے چین کا بھی دورہ کیا۔ جہاں ان کی چینی صدر سے ملاقات ہوئی۔ پاکستان اور چین کے درمیان کئی  مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔  ان میں سے ایک منصوبے کے تحت چین کو بذریعہ سڑک اور ریل گوادر سے ملایا جائے گا۔ پاکستان نے دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی علی بابا کے ساتھ  بھی ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔    

Saudi Arabien Riad  Fahne vor Besuch US Präsident Trump
سعودی عرب کے دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کا پسندیدہ کھانا ’اسٹیک‘ پیش کیا جائے گا تصویر: picture-alliance/abaca/E. Abdelrehim

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ امریکی صدر سعودی عرب سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ جس کے بعد وہ اسرائیل، بیلجیم، اٹلی اور ویٹیکن کا بھی دورہ کریں گے۔ ڈونلد ٹرمپ کا یہ دورہ سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ کئی میڈیا رپورٹس کے مطابق توقع نہیں کی جارہی کہ  ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب دورے کے دوران انسانی حقوق کی بات چیت کریں گے بلکہ ان کے دورہ پر معاشی تعاون پر زیادہ بات چیت کی جائے گی۔

امریکا اور عرب ممالک کی مشترکہ سمٹ میں توقع ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور امریکی صدر کی ملاقات ہو جائے۔ اس حوالے سے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریہ نے کہا،’’ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔‘‘  

ایسو سی ایٹڈ پریس کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کا پسندیدہ کھانا ’اسٹیک‘ پیش کیا جائے گا اور اس کے ساتھ خاص کیچ اپ پیش کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ان کو سعودی عرب کے روایتی کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔