1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوات میں پاکستانی فوج کو شکست دینگے:القاعدہ

22 جون 2009

الجزیرہ ٹیلی ویژن کے ساتھ ایک انٹرویو میں افغانستان میں القاعدہ کے رہنما مصطفیٰ نے یہ بھی کہا کہ موقع ملنے پران کی تنظیم پاکستان کے ایٹمی ہتھیار امریکہ کے خلاف استعمال کرے گی۔

https://p.dw.com/p/IVt4
تحریک طالبان پاکستان کے زیر قبضہ ایک علاقے کو آزاد کرنے کے بعد قومی پرچم کے ساتھ پاکستانی فوجی اہلکارتصویر: picture alliance / landov

القاعدہ نے کہا ہے کہ وہ سوات آپریشن میں پاکستانی فوج کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔

پاکستانی فوج اپریل سے القاعدہ کے حامی طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف وادئ سوات میں آپریشن کر رہی ہے جو دارالحکومت اسلام آباد سے ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس صورت حال میں عالمی سطح پر یہ خدشات پیدا ہو گئے تھے کہ شدت پسند پاکستان کے جوہری ہتھیاروں تک رسائی حاصل کر لیں گے تاہم اسلام آباد میں حکام نے بارہا ان خدشات کو رد کیا اور کہا کہ ملک کےا یٹمی ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

Pakistan General Ashfaq Pervaiz mit soldaten im Swat Tal
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی بحران زدہ وادیء سوات کے دورے کے دوران فوجیوں سے مصافحہ کرتے ہوئےتصویر: Abdul Sabooh

القاعدہ کے مصری رہنما مصطفیٰ ابو الیزید نے مزید کہا: "انشااللہ، جوہری ہتھیار امریکیوں کے ہاتھ نہیں لگیں گے اور مجاہدین ان پر قبضہ کرلیں گے۔ انہیں امریکیوں کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔"

القاعدہ رہنما پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ سوات میں پاکستانی فوج کو شکست ہو گی تاہم پاکستانی فوج نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ شورش زدہ وادئ میں طالبان کے خلاف جاری آپریشن کچھ ہی دنوں میں تمام ہو سکتا ہے۔ علاقے میں تعینات میجرجنرل سجاد غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کا گڑھ تصور کئے جانے والے بعض علاقوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور یہ کہ شدت پسند فرار ہو رہے ہیں۔

Osama Bin Laden neue Internetbotschaft
القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کہاں ہیں؟تصویر: AP

انٹرویو کے دوران ابوالیزید سے القاعدہ کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ گروپ کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے نئے محاذ کھولے گی اور کارروائیاں اس انداز سے کی جائیں گی جس سے دشمن کو مالی نقصان بھی اٹھانا پڑے۔

Gesucht: Mullah Mohammed Omar
طالبان کے رہنما ملا محمد عمر کی دو تصاویرتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف امریکیوں کے ساتھ ساتھ تیل کے وہ ذخائر بھی ہیں جن پر ’’قبضہ کیا جارہا ہے اور ان سے حاصل ہونے والی دولت کو مجاہدین کے خلاف خرچ کیا جارہا ہے۔‘‘

ابوالیزید نے موقف اختیار کیا کہ القاعدہ بڑے پیمانے پر امریکہ کے خلاف آپریشن جاری رکھے گی تاہم انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ امریکہ تمام مسلم ممالک سے اپنی فوجیں واپس بلالے۔ القاعدہ رہنما نے مزید کہا کہ اگر امریکہ اسرائیل نواز مسلم حکومتوں کی حمایت بند کردے توان کی تنظیم اس کے ساتھ 10 سالہ فائر بندی کے لئے تیار ہوگی۔

القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کے خفیہ ٹھکانوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شیخ اسامہ اور شیخ ایمن الزوہری بھی محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں لیکن یہ نہیں جانتے کہ وہ ہیں کہاں۔ واضح رہے کہ ابوالیزید کو ابوسعید المصری کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

رپورٹ: ندیم گل، ادارت: گوہر نذیر گیلانی