1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی جیت

9 ستمبر 2011

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں بولے وائیو میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/12Vlx
یونس خانتصویر: AP

جمعرات کو بولے وائیو کے کوئینز پارک کلب، اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم تمام اوورز کھیلنے کے بعد سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 242 رنز ہی بنا سکی۔

اس ڈرامائی میچ کے آخری اوور میں زمبابوے کی ٹیم کو جیت کے لیے بارہ رنز درکار تھے جبکہ وہ جنید خان کے اس اوور میں سات رنز ہی بنا سکی۔ مجموعی طور پر زمبابوے کے بلے بازوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک وقت میں یوں محسوس ہو رہا تھا کہ مہمان ٹیم یہ میچ بآسانی  جیت جائے گی۔ تاہم سعید اجمل کے دو بہترین اوورز نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔ سعید اجمل نے ان دو اہم اوورز میں صرف پانچ رنز دیے۔

زمبابوے کی طرف سے کپتان برینڈن ٹیلر نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 84 رنز بنائے۔ تاہم عمدہ اننگز کھیلنے کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو جتوا نہ سکے اور 49 ویں اوور میں اس وقت پویلین لوٹے جب زمبابوے کا مجموعی اسکور 233 تھا۔ زمبابوے کے حوصلے اس وقت ٹوٹ گئے جب ایلٹن چِیگم بورا اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

Misbah-ul-Haq Pakistan Cricket New test captain
کپتان مصباح الحق نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیتصویر: AP

زمبابوے کی طرف سے اوپنر کھلاڑی سبانڈا نے 73 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر تابو 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے بہترین بولر پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے اعزاز چیمہ رہے، جنہوں نے دس اوورز میں 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اجمل، محمد حفیظ اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جب پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تھا تو اوپنر عمران فرحت کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں محمد حفیظ اور یونس خان نے ٹیم کو کچھ سنبھالا  لیکن حفیظ بھی جلد ہی پولین لوٹ گئے۔ انہوں نے 26 رنز بنائے۔

پاکستان کی بیٹنگ کی خاص بات یونس خان کی نصف سنچری تھی۔ انہوں نے 62گیندوں پر 78 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔ اپنی بہترین کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ کپتان مصباح الحق نے بھی نصف سنچری بنائی جبکہ ٹیم میں ایک مرتبہ پھر اپنی جگہ بنانے والے سابق کپتان شعیب ملک دو کے انفرادی اسکور پر ہی آؤٹ ہو گئے۔

اس سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ گیارہ ستمبر کو حرارے میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں