1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلویسٹر سٹالون نے جولیا رابرٹس کو پیچھے چھوڑ دیا

16 اگست 2010

ہالی ووڈ کے اداکار سلویسٹر سٹالون کی نئی فلم ’دی ایکسپنڈیبلز‘ جولیا رابرٹس کی نئی فلم ایٹ، پرے اینڈ لو‘ کے مقابلے میں زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/OoMz
تصویر: picture-alliance/ dpa

دونوں فلمیں تیرہ اگست کو شمالی امریکہ کے سنیماؤں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی تھیں۔ سلویسٹر سٹالون کی فلم The Expendables کو ان کے کیرئیر کی بہترین اوپننگ ملی ہے۔ ایکشن ہیرو سٹالون کی اس نئی فلم نے امریکہ اور کینیڈا کے سنیما گھروں میں صرف تین دنوں کے دوران 35 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔ اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ یہ فلم مستقبل میں بھی اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

چونسٹھ سالہ سٹالون نے نہ صرف اس فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ اس کے اسکرپٹ کے ساتھ ساتھ ہدایتکاری بھی انہی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم کا دوسرا حصہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

ہالی ووڈ کی معروف اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جولیا رابرٹس کی فلم Eat,Pray and Love ویک اینڈ پر ریلیز کی گئی فلموں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس فلم نے 23.7 ملین ڈالر کا بزنس کیا ہے جبکہ فلم بینوں کی دلچسپی اس میں برقرار ہے۔

جولیا رابرٹس بھی سلویسٹر سٹالون کی طرح گزشتہ کچھ سالوں سے فلمی دنیا میں اپنی چکا چوند برقرار رکھنے میں ناکام نظر آ رہی ہیں لیکن ان دونوں کی نئی فلموں نے ناقدین کی توجہ ایک مرتبہ پھر سیمٹ لی ہے۔

Flash Italien Julia Roberts Eat Pray Love
جولیا رابرٹس فلم ایٹ ، پرے اینڈ لو کی تیاری کے سلسلے میں بھارت میںتصویر: AP

جولیا رابرٹس نے اپنی نئی فلم میں ایک ایسی شادی شدہ خاتون کا کردار ادا کیا ہے جو سب کچھ ہوتے ہوئے بھی اپنے شوہر سے طلاق لینے کے بعد سکون کی تلاش میں نکل کھڑی ہوتی ہے۔ اس فلم کی شوٹنگ بھارت میں بھی کی گئی ہے۔

بیالیس سالہ جولیا رابرٹس کی فلم 'ایرن بروکوچ' کے بعد ان کی کوئی بھی فلم باکس آفس پر اتنا اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سن دو ہزار میں ریلز ہونے والی اس فلم نے ابتدائی دنوں میں ہی 28 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف