1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلامتی و تعاون کی یورپی تنظیم: نئی سربراہ جرمنی کی ہیلگا شمٹ

5 دسمبر 2020

تجربہ کار جرمن سفارت کار ہیلگا شمٹ کو ستاون ممالک پر مشتمل تنظیم برائے یورپی سلامتی اور تعاون کی نئی سربراہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ شمٹ نے 2015ء میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں پس پردہ لیکن کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3mGIk
یورپی یونین کے خارجہ امور کی نائب سربراہ کے طور پر ہیلگا شمٹ (بائیں) کی تہران کے ایک دورے کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ایک تصویرتصویر: Mehr

جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہیلگا شمٹ کو جمعہ چار دسمبر کو تنظیم برائے یورپی سلامتی و تعاون (او ایس سی ای) کی نئی سربراہ نامزد کیا گیا۔

یورپ کو امریکی عسکری تعاون پر انحصار کم کرنا چاہیے، جرمن وزیر

اس تنظیم کا صدر دفتر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہے اور یہ براعظم یورپ اور اس سے جڑے ہوئے خطوں میں تنازعات حل کرنے کی کوششیں کرتی ہے۔

روس اور امریکا بھی تنظیم کے رکن

اس تنظم میں یوکرائن بھی شامل ہے، جہاں جاری علیحدگی پسندی کی مسلح تحریک اور خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے اس تنظیم نے شروع سے ہی انتھک کوششیں کی ہیں۔

اس کے رکن ممالک کی تعداد 57 ہے، جن میں روس اور امریکا بھی شامل ہیں۔

یورپ میں ڈرونز کے ذریعے دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ، یورپی کمشنر

اس وقت 59 سالہ ہیلگا شمٹ ایک پیشہ ور سفارت کار ہیں اور وہ 1990 کی دہائی کے شروع میں واشنگٹن میں جرمن سفارت خانے کی ترجمان تھیں۔

اس کے بعد وہ برلن میں جرمن وزارت خارجہ میں ایک سے زائد اعلیٰ عہدوں پر فائز رہیں۔ بعد میں انہیں برسلز میں تعینات کر دیا گیا تھا۔ برسلز میں وہ گزشتہ چار سال سے یورپی یونین کی سفارتی سروس کی سربراہ تھیں۔

Argentinien Buenos Aires - Helga Schmid - Generalsekretärin des Europäischen Auswärtigen Dienstes
دو ہزار پندرہ میں عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کے لیے ہیلگا شمٹ نے کلیدی سفارتی کردار ادا کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/telam/G. Luciana

عہدے کی مدت تین سال

یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم OSCE کی سربراہی کرنے والی شخصیت اس تنظیم کی سیکرٹری جنرل کہلاتی ہے۔ یہ سیکرٹری جنرل عملاﹰ اس تنظیم کا انتظامی سربراہ ہوتا ہے، جسے اس عہدے پر تین سال کے لیے مقرر کیا جاتا ہے اور اس مدت میں صرف ایک بار توسیع کی جا سکتی ہے۔

آج کی دنیا ایک ٹوٹا پھوٹا معمہ، میونخ سکیورٹی رپورٹ کا خلاصہ

او ایس سی ای کا کوئی مستقل صدر نہیں ہوتا بلکہ اس تنظیم کی صدارت سالانہ بنیادوں پر اس کی رکن ریاستوں کے مابین گھومتی رہتی ہے۔ تنظیم کی سیکرٹری جنرل شخصیت او ایس سی ای کے صدر ملک کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

اس یورپی تنظیم کا ایک حصہ مختلف ممالک میں ہونے والے عام انتخابات کی نگرانی کے لیے اپنے مبصر مشن بھی وہاں بھیجتا ہے۔ امریکا میں گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے بھی اس یورپی تنظیم نے وہاں اپنا ایک غیر جانب دار مانیٹرنگ مشن بھیجا تھا۔

م م / ع س (ڈی پی اے، اے ایف پی)