1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب اور فرانس کے مابین 18 ارب ڈالر کے معاہدے

10 اپریل 2018

سعودی عرب اور فرانس کے مابین اٹھارہ ارب ڈالر مالیت کے بیس معاہدے طے پا گئے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فرانس ہی میں لبنانی وزیر اعظم اور مراکش کے شاہ محمد سے ایک مشترکہ ہنگامی ملاقات بھی کی۔

https://p.dw.com/p/2vnVm
Frankreich - Mohammed bin Salman trifft Premierminister Edouard Philippe
تصویر: picture alliance/AP Photo/F. Mori

العربیہ ٹیلی وژن کے مطابق سعودی عرب اور فرانس کی حکومتوں کے مابین اٹھارہ ارب ڈالر کے بیس اقتصادی معاہدے طے پا گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر ان معاہدوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لیکن اس سے پہلے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے فرانس کی ٹوٹل  سمیت تین بہت بڑی تیل کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پانے کا اعلان کر دیا تھا۔

ایران نے فرانس کی ’متوازن‘ پوزیشن کو غلط سمجھا ہے، ماکروں

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے تین روزہ دورہ فرانس کے آخری دن آج منگل دس اپریل کو فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے دوسری مرتبہ ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں نہ صرف مشرق وسطیٰ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی جائے گی بلکہ ان دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے اختلافات کی بنیادی وجوہات پر بھی بات چیت ہو گی۔

Frankreich -  Kulturministerin Françoise Nyssen trifft Awwad Alawwad in Paris
تصویر: Getty Images/AFP/L. Bonaventure

اس سے قبل پیر کی شام سعودی ولی عہد نے  لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری اور مراکش کے شاہ محمد ششم  سے بھی ایک مشترکہ ہنگامی ملاقات کی تھی۔ اس حوالے سے ایک تصویر سعد الحریری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی، جس میں تینوں رہنما اپنے روزمرہ کے غیر رسمی لباس پہنے ہوئے اور مسکراتے دکھائی دیتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس تصویر کو شائع کرنے کا مقصد ان افواہوں کو رد کرنا ہے کہ نومبر میں سعودی عرب نے مبینہ طور پر سعد الحریری کو مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا تھا۔ تب اس تنازعے کی شدت کو بھی فرانسیسی صدر ہی نے کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر کے مابین مذاکرات کا پہلا دور اتوار کی رات ہوا تھا، جس میں فرانسیسی صدر کے ممکنہ دورہ ایران کے حوالے سے گفتگو کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کی رات ان دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت تین گھنٹے تک جاری رہی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے ایک ’اسٹریٹیجک معاہدے‘ کے لیے بھی مل کر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ اس مجوزہ اسٹریٹیجک معاہدے پر دستخط ممکنہ طور پر فرانسیسی صدر کے دورہ سعودی عرب کے دوران کیے جائیں گے، جو وہ اس سال کے اواخر میں کریں گے۔

آئی اے / ایم ایم