1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی شہری دہشت گردوں کے سب سے بڑے ڈونر ہیں، سفارتی کیبلز

6 دسمبر 2010

امریکہ کو سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ڈونرز کی جانب سے دہشت گردوں کو ملنے والے مالی وسائل پر تشویش رہی ہے۔ خفیہ سفارتی کیبلز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ برس اس پہلو سے خبردار کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/QQHv
تصویر: AP

وکی لیکس کی جانب سے جاری کئے گئے خفیہ سفارتی پیغامات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے گزشتہ برس خبردار کیا تھا کہ سعودی عرب کے ڈونر دُنیا بھر میں سُنی دہشت گردوں کو مالی وسائل کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کو ایسی سرگرمیوں پر ترجیحی بنیادوں پر قابو پانے کے لئے تیار کرنا ایک مسلسل چیلنج ہے۔

سفارتی کیبلز کے مطابق انہوں نے کہا تھا کہ ان ڈونرز سے رقوم حاصل کرنے والے دہشت گرد گروپوں میں القاعدہ، طالبان اور لشکر طیبہ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گروپ حج اور رمضان کے دِنوں میں بالخصوص سعودی ڈونرز سے بھاری رقوم حاصل کرتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے انتہاپسندوں کے خاتمے کے لئے متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ انہوں نے ان ممالک کو بھی دہشت گردوں کے لئے مالی وسائل کا ذریعہ قرار دیا۔

ہلیری کلنٹن کی جانب سے ایسا ہی ایک پیغام گرشتہ برس دسمبر میں بھیجا گیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے سفارت کاروں پر زور دیا تھا کہ انتہاپسندوں کو مالی وسائل کی فراہمی کو روکنے کے لئے کوششیں دگنی کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہاپسند پاکستان اور افغانستان کے استحکام کے لئے خطرہ ہیں جبکہ افغانستان میں اتحادی افواج پر حملوں میں بھی ملوث ہیں۔

NO FLASH Wikileaks Hillary Rodham Clinton
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

اس پیغام میں انہوں نے لکھا تھا، ’سعودی عرب اندرون ملک دہشت گردی کے خطرے کے لئے سنجیدہ ہے، لیکن سعودی حکام اپنے ہاں سے دہشت گردوں کے لئے مالی وسائل کی دستیابی پر قابو پانے کو ترجیح بنائیں، انہیں اس بات پر تیار کرنا ایک مسلسل چیلنج ہے۔‘

ایسے ہی ایک اور سفارتی پیغام کے مطابق لشکر طیبہ سے وابستہ پاکستانی فلاحی تنظیم جماعت الدعوہ نے 2005ء میں اپنی سرگرمیوں کی فنڈنگ کے لئے سعودی عرب میں قائم ایک کمپنی کو استعمال کیا۔ ریاض میں قائم امریکی سفارت خانے نے رواں برس فروری میں کہا تھا کہ سعودی حکام اس نوعیت کی معلومات کے حصول کے لئے تقریباً پوری طرح سی آئی اے پر انحصار کرتے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں