1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کے خلاف پاکستانی ٹیم کی نو وکٹوں سے فتح

30 اکتوبر 2011

پاکستان نے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/131mn
محمد حفیظ
محمد حفیظتصویر: DW

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس جیت کا سہرا پاکستانی ٹیم کی ’مکمل پیشہ ورانہ کارکردگی‘ کے سر باندھتے ہوئے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف اس فیصلہ کن جیت میں پاکستانی اوپنر سعید اجمل کی بولنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 68 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اس ٹیسٹ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اجمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس جیت کا سہرا پاکستانی ٹیم کی ’مکمل پیشہ ورانہ کارکردگی‘ کے سر باندھا ہے
پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس جیت کا سہرا پاکستانی ٹیم کی ’مکمل پیشہ ورانہ کارکردگی‘ کے سر باندھا ہےتصویر: APImages

سری لنکا کے کپتان تلکا رتنے دلشان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم ان کا یہ فیصلہ زیادہ کارآمد ثابت نہ ہو سکا اور ان کی ٹیم پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 239 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔ سعید اجمل نے پہلی اننگز میں بھی تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عمر گُل نے بھی تین جبکہ جنید خان اور عبدالرحمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کے 239 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 403 رنز بنائے۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات اظہر علی کی سنچری رہی۔

سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ کے حوالے سے قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ اوپنر تھرنگا پراناویتانا نے سب سے زیادہ 72 رنز بنائے جبکہ 50 کا ہندسہ کراس کرنے والے دوسری سری لنکن بیٹسمین انگلیو میتھیوز تھے جنہوں نے 52 رنز بنائے۔ دوسری اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 257 رنز بنا پائی۔

عمر گُل نے پہلی اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں
عمر گُل نے پہلی اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیںتصویر: APImages

سری لنکا کی دوسری اننگز کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 94 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر توفیق عمر تھے جو محض ایک رن بنا کر ہیرتھ کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ محمد حفیظ نے 59 جبکہ پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے اظہر علی نے 29 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

 اس جیت کے باعث پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ ابوظہبی میں کھیلا گیا پہلا میچ ڈراء ہوا تھا۔ اس سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ اب تین نومبر کو شارجہ میں شروع ہوگا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں