1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرفراز پر چار میچوں کی پابندی لگ گئی

27 جنوری 2019

جنوبی افریقی ٹیم کے ایک کھلاڑی کے خلاف نسل پرستانہ جملہ کسنے پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر چار میچ کھیلنے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پابندی کا فیصلہ کرکٹ کے بین الاقوامی نگران ادارے نے کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3CGss
Cricket Asia Cup 2018 l Bangladesh vs Pakistan
تصویر: Getty Images/AFP/I. S. Kodikara

کرکٹ کے نگران ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کھیل کے دوران نظم و ضبط اور نسل پرستی کے حوالے سے مکمل عدم برداشت کی پالیسی موجود ہے اور اسی کے تحت سرفرار احمد کے خلاف چار میچوں کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ بیان کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کی جانب سے جاری کیا گیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر اس پابندی کے نفاذ کے بعد اب اُن کے جنوبی افریقہ کی سیریز کے بقیہ ایک روزہ میچوں میں شرکت یقینی طور پر ختم ہو گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ابھی دو ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنا ہے۔ اس پابندی سے سرفراز احمد دونوں ایک روزہ میچوں اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے آج اتوار 27 جنوری کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سرفراز احمد کو نسلی تعصب کے انسداد کے لیے مروجہ ضوابط کی خلاف ورزی پر یہ سزا سنائی گئی ہے۔ کرکٹ کونسل کے مطابق سرفراز احمد نے اپنے اوپر لگائے گئے الزام کو تسلیم بھی کیا ہے۔

Pakistan Karachi Sarfraz Ahmad
سرفراز احمد چیمپئن ٹرافی جیتنے کے بعدتصویر: Getty Images/AFP/R. Tabassum

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران میزبان ٹیم کے آل راؤنڈر انڈیلے فیلوکووایو کی میچ جیتنے والی کارکردگی کے دوران سرفرار نے ایسا جملہ کسا تھا، جو نسلی تعصب کے زمرے میں لیا گیا۔ کرکٹ کے بعض ناقدین کے مطابق سرفراز احمد نے حقیقت میں نسل پرستانہ جملہ ادا کرنے کی کوئی دانستہ کوشش نہیں کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے جنوبی افریقی کھلاڑی سے ذاتی طور پر ملاقات کر کے بھی معذرت کی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان پر پابندی کے بعد اب شعیب ملک سیریز کے بقیہ ایک روزہ میچوں میں کپتانی کریں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ایک روزہ میچ آج جوہانس برگ میں کھیلا جا رہا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم اب تک اس سیریز میں دو میچ جیت چکی ہے جبکہ ایک میچ پاکستان نے جیت رکھا ہے۔

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ہو گی، سرفراز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں