1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سارک سمٹ کے موقع پر گیلانی اور سنگھ کی کامیاب ملاقات

10 نومبر 2011

پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم نے مشترکہ طور پر امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل کے سیاسی مذاکرات باہمی تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کا سبب بنیں گے۔

https://p.dw.com/p/138CW
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: Abdul Sabooh

مالدیپ میں آج جمعرات سے شروع ہونے والی جنوبی ایشیا کی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کی دو روزہ خصوصی سربراہی کانفرنس کے شروع ہونے سے پہلے پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کے ساتھ تقریباﹰ ایک گھنٹے تک ملاقات کی۔

جنوبی ایشیا کی مختلف جزائر پر مشتمل ریاست مالدیپ کے شہر ادُو میں اس ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ہمسایہ لیکن دیرینہ حریف ملکوں کے حکومتی سربراہان نے امید ظاہر کی کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان آئندہ مذاکرات ایک نئی تاریخ رقم کیے جانے کا سبب بنیں گے۔

اس موقع پر پاکستانی وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ انہوں نے منموہن سنگھ کے ساتھ ملاقات میں کشمیر کے تنازعے سمیت تمام اہم دوطرفہ امور پر کھل کر گفتگو کی۔

Manmohan Singh Indien Ministerpräsident
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھتصویر: AP

بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت مل کر اپنی تاریخ کا ایک نیا باب رقم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں مثبت تحریک پیدا ہوئی ہے تاہم دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔

دونوں وزرائے اعظم نے کہا کہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان اعتماد سازی کی حالیہ کامیاب کوششوں کے بعد مذاکرات کا اگلا دور اور بھی زیادہ نتیجہ خیز ہونا چاہیے تاکہ ایٹمی طاقت کے حامل ان دونوں ہمسایہ ملکوں کو عملیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جا سکے۔

مالدیپ میں ادُو سٹی میں سارک سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات کی پاکستانی اور بھارتی حکومتی سربراہان نے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بارے میں کسی خاص تاریخ کا ذکر کرنے سے بھی انکار کر دیا کہ ان کی اگلی ملاقات کب ہو گی۔

پاکستانی کابینہ نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی اس بات کی منظوری دی تھی کہ دیرینہ حریف ملک بھارت کو، جو پاکستان کے ساتھ اب تک تین جنگیں لڑ چکا ہے، عالمی ادارہء تجارت کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے پسندیدہ ترین تجارتی ساتھی ملک یا ’موسٹ فیورڈ نیشن‘ MFN کا درجہ دے دیا جائے۔

مالدیپ میں ہونے والی اس سارک سربراہی کانفرنس میں یوسف رضا گیلانی اور منموہن سنگھ کے علاوہ بنگلہ دیش، بھوٹان، میزبان ملک مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کے رہنما بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اسی اجلاس میں افغان صدر حامد کرزئی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں