1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’زیادتی اور استحصال‘ اب فلپائنی کویت میں کام نہیں کریں گے

20 جنوری 2018

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹيرٹے نے اپنے ملک کے شہریوں کے کویت جا کر کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایسی خبریں گردش میں ہیں کہ کویت میں فلپائنی شہریوں کو وسیع پیمانے پر استحصال اور زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2rDIj
Kuwait - Classic Car Festival in Kuwait
تصویر: picture-alliance/AA/J. Abdulkhaleg

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب فلپائنی شہری کویت جا کر کام نہیں کریں گے۔

صدر کے ترجمان نے بیس جنوری بروز ہفتہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسی خبروں کے بعد کہ کویت میں فلپائنی شہریوں کو وسیع پیمانے پر زیادتی اور استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے، صدر ڈوٹيرٹے نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

فلپائن میں نوکری کے دوران اونچی ہیل پہننے کی شرط ختم

غلامی کی نئی شکل؟ خلیجی عرب ملکوں میں مزدوروں کی حالتِ زار

’کنواروں پر پابندی‘، قطر میں نئی بحث شروع

صدر ڈوٹيرٹے کے ترجمان ہیری روکے نے مزید کہا کہ اس خلیجی ملک میں بالخصوص خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جس کے نتیجے میں چند ايک واقعات ميں خواتين ہلاک بھی ہوئیں۔

انہوں نے کہا، ’’صدر ڈوٹيرٹے کے اس فیصلے کے بعد لیبر سیکرٹری سیلوسٹر بیلو نے حکم جاری کر دیا ہے کہ اب فلپائنی شہری کام کرنے کی غرض سے کویت نہیں جائیں گے۔‘‘ فوری طور پر کویتی حکومت نے صدر ڈوٹيرٹے کے اس فیصلے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

Philippinen Präsident Rodrigo Duterte
تصویر: Reuters/E. Acayan

روکے کے مطابق کویت جا کر ملازمت کرنے والے فلپائنی شہری کافی زیادہ مسائل کا شکار ہیں اور اس پابندی کے بارے میں کافی پہلے سے غور کیا جا رہا تھا۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً دس ملین فلپائنی شہری بیرون ملک ملازمت کرتے ہیں اور ان کی طرف سے ملک میں اپنے رشتہ داروں کو ارسال کی جانے والی رقوم ملکی اقتصادیات کا ایک اہم ستون قرار دی جاتی ہیں۔ صرف کویت میں کام کی غرض سے آباد فلپائنی شہریوں کی تعداد کم ازکم ایک لاکھ ستر ہزار بنتی ہے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ یہ نئی پابندی کتنے عرصے تک مؤثر رہے گی۔ یہ امر اہم ہے کہ اس پابندی کی زد میں وہ فلپائنی شہری نہیں آئیں گے، جو پہلے سے ہی کویت میں ملازمت کر رہے ہیں۔

جمعرات کے دن ڈوٹيرٹے نے دارالحکومت منیلا میں ایک اجتماع سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ کویتی حکومت پر زور دیں گے کہ وہاں کام کرنے والے غیر ملکی ورکرز کے حالات بہتر بنائے جائیں اور ان کا استحصال ختم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر یہ صورتحال نہیں بدلی جاتی تو وہ فلپائن کے شہریوں کو کویت جا کر کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔