1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں آئل رِگ حادثے کا شکار، پچاس افراد لاپتہ

18 دسمبر 2011

روس کے مشرق بعید میں واقع بحیرہ اوہوتسک میں ایک روسی آئل رِگ الٹ کر ڈوب گیا ہے، جس کے نتیجے میں کم ازکم چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی جبکہ عملے کے پچاس افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/13V3v
تصویر: picture alliance/Photoshot

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے روسی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئل رگ پر عملے کے سڑسٹھ افراد موجود تھے، جن میں سے چودہ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ سمندر میں تیل تلاش کرنے والے اس آئل رِگ کو عالمی وقت کے مطابق رات پونے دو بجے اس وقت حادثہ پیش آیا، جب طوفان نے اسے آن لیا۔

بتایا گیا ہے کہ Kolskaya نامی یہ آئل رگ Sakhalin نامی جزیرے سے دو سو کلو میٹر دور تھا، جب اسے حادثہ پیش آیا۔ ایک مقامی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے کے بعد عملہ ہیلی کاپٹروں کا انتظار کرتا رہا تاکہ انہیں محفوظ مقامات منتقل کر دیا جائے، لیکن جب تک امدادی ہیلی کاپٹر وہاں پہنچے آئل رِگ ڈوب گیا۔

ماسکو حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Sojus Rakete startet in Kasachstan
خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہےتصویر: AP

روسی وزارت برائے ہنگامی حالات کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، ’طوفان کے نتیجے میں برف کے تودوں اور سمندری لہروں نے اس آئل رِگ کو شدید نقصان پہنچایا، بعد ازاں پانی اس رِگ کے اندر چلا گیا اور آہستہ آہستہ یہ پانی میں ڈوب گیا‘۔

ماسکو حکومت نے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم بنا دی ہے۔ تاہم ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ موسم کی وارننگ کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے اس آئل رِگ کو حادثہ پیش آیا۔

روسی حکام نے کہا ہے کہ جب اس آئل رِگ کو حادثہ پیش آیا تو وہ تیل تلاش کرنے کے کسی مشن پر نہیں تھا اور نہ ہی اس میں تیل تھا، اس لیے سمندر میں آئل بہنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں