1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راجر فیڈرر کا جادو چل گیا

عاطف توقیر27 جنوری 2009

عالمی نمبر دو سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر منگل کے روزآسٹریلین اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل مقابلے میں خوان مارٹن دیل پوترو کو چھ تین، چھ صفر اور چھ صفر سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

https://p.dw.com/p/GhFU
عالمی نمبر دو سوئس کھلاڑی راجر فیڈررتصویر: AP

فیڈرر کو اپنے مدمقال کو زیر کرنے میں صرف ایک گھنٹہ اور 20 منٹ لگے اور تینوں سیٹس ہر طرح سے یک طرفہ ہی رہے۔ کھیل کے دوران فیڈرر کے بھرپور قوت والے شارٹس کے سامنے دیل پوترو مکمل طور پر بے بس دکھائی دئے۔ سیمی فائنل میں اب راجر فیڈرر کا مقابلہ امریکہ کے اینڈی روڈک سے ہو گا۔

راجر فیڈرر اس ایونٹ میں کوارٹر فائنل سے قبل ایسی بھرپور فارم میں نظر نہیں آئے تھے۔ کوارٹر فائنل کے لئے کولیفائنگ میچ میں بھی عالمی نمبر 20 Tomas Berdych سے مقابلے کے دوران انہیں سخت جدوجہد کرنا پڑی تھی اور پانچ سیٹس کے اس میچ میں انہیں دو سیٹس میں ناکامی کے علاوہ باقی سیٹس میں بھی شدید مشکلات پیش آئیں تھیں۔

کوارٹر فائنل مقابلے کے بعد شائقین فیڈرر کو اس ایونٹ کا فیوریٹ کھلاڑی قرار دے رہے ہیں۔ 27 سالہ راجر فیڈرر اس سے قبل 2004، 2006 اور 2007 میں بھی آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔