1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسری عالمی جنگ کے آغاز کے ستّر سال پورے ہوگئے

1 ستمبر 2009

پولینڈ میں آج علی الصبح دوسری عالمی جنگ کے آغاز کے ستّر سال پورے ہونے پر ایک یادگاری تقریب منقعد ہوئی۔ آج سے پورے سات عشروں قبل دوسری عالمی جنگ کا آغاز نازی جرمنی کی جانب سے پولینڈ پر کئے جانے والے حملے سے ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/JMw3
تصویر: ullstein bild - SV-Bilderdienst

اِس تقریب میں پولش صدر لیخ کاچینسکی اور وزیراعظم ڈونلڈ ٹُسک سمیت مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے دوسری عالمی جنگ کا شکار بننے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چھ سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی اس جنگ میں 50 ملین افراد ہلاک ہوئے۔ اِن ہلاک شدگان میں چھ ملین یورپی یہودی بھی شامل ہیں، جن کے نازی افواج کے ہاتھوں قتلِ عام کو ہولوکاسٹ کہا جاتا ہے۔

Polen Deutschland Geschichte Jahrestag Überfall auf Polen Panzer
دوسری عالمی جنگ میں 50 ملین کے قریب افراد مارے گئےتصویر: ullstein bild - SV-Bilderdienst

پولش پرائم منسٹر نے اس موقع پر کہا:’’ ہم یہاں اِس لئے جمع ہوئے ہیں کہ اپنے ذہنوں میں یہ بات محفوظ رکھ سکیں کہ دوسری عالمی جنگ میں کون مظلوم تھا اور کون ظالم۔ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کیونکہ اِس کے بغیر مستقبل میں نہ ہی پولینڈ، نہ یورپ اور نہ ہی ساری دنیا سلامتی سے زندگی گزار سکے گی۔‘‘

دوسری عالمی جنگ کا آغاز یکم ستبمر 1939ء کو پولینڈ سے اُس وقت ہوا تھا، جب جرمن نازی بحریہ کے ایک جنگی جہاز نے پولینڈ کے ایک اڈے پر صبح 4.45 پر حملہ کیا۔ اِس ہولناک جنگ کے آغاز کو آج ستّر سال گزر چکے ہیں مگر یورپ کے شہری آج بھی ان تمام مظالم کو نہیں بھولے ہیں، جو آڈولف ہٹلر کی فاشسٹ حکومت نے یہودیوں پر کئے۔

پولینڈ میں جاری تقریب میں آج شام کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور روسی وزیر اعظم ولادی میر پوٹین سمیت 20 دوسرے ممالک کے سربراہان اور رہنما بھی شرکت کریں گے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی