1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو بڑے اطالوی بینکوں کی ڈیزرٹیک میں شمولیت

13 فروری 2011

اٹلی کے دو بہت بڑے بینک جرمنی کی قیادت میں زیر تکمیل ماحول دوست توانائی کی پیداوار کے اس ڈیزرٹیک منصوبے میں شامل ہو گئے ہیں، جس کے تحت مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بڑے بڑے سولر پاور اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/10GP5
تصویر: AP

ان اطالوی مالیاتی اداروں میں سے ایک یونی کریڈٹ ہے اور دوسرا انٹیسا سان پاؤلو نامی بینک۔ Unicredit کی طرف سے اٹلی کے شہر میلان میں جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بینک نے Desertec منصوبے کی منتظم کمپنی DII کے حصص خرید لیے ہیں۔ تاہم یونی کریڈٹ نامی بینک نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اب اس کمپنی کے کتنے فیصد شیئرز کا مالک بن گیا ہے۔

اسی طرح ایک اور بڑے اطالوی کمرشل بینک Intesa Sanpaolo نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اب ڈیزرٹیک منصوبے کا ایسوسی ایٹ پارٹنر اور تعاون کنندہ بن گیا ہے تاکہ ماحول دوست توانائی کے حصول کے اس بین البر اعظمی منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے میں مدد کی جا سکے۔

ڈیزرٹیک پروجیکٹ کے تحت آئندہ 40 برسوں میں یورپ میں استعمال ہونے والی بجلی کا قریب 15 فیصد مشرق وسطیٰ کی مختلف ریاستوں اور شمالی افریقہ کے ملکوں میں خاص طور پر تعمیر کیے گئے شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے یونٹوں سے حاصل کیا جائے گا۔

Desertec Projekt Karte in Afrika Wüste Photovoltaik
اس منصوبے کا افتتاح سن 2009 ء میں کیا گیا تھاتصویر: Desertec Foundation

اس منصوبے کا افتتاح سن 2009 ء میں کیا گیا تھا اور اس کے محرک کئی بڑے بڑے جرمن اداروں میں میونخ کی ری انشورنس کمپنی Munich Re، دنیا کے سب سے بڑے بینکوں میں شمار ہونےو الا ڈوئچے بینک اور توانائی کے شعبے کی کمپنیاں E.ONاور RWE شامل تھیں۔

شروع میں اس منصوبے پر اٹھنے والی لاگت کا تخمینہ 400 بلین یورو یا قریب 541 بلین امریکی ڈالر کے برابر لگایا گیا تھا، جو چار عشروں پر محیط عرصے میں ڈیزرٹیک کی تکمیل تک ابتدائی اندازوں سے کافی زیادہ بھی ہو سکتا ہے۔

اب تک اس منصوبے میں کئی دیگر یورپی ملکوں کی توانائی کے شعبے کی متعدد بڑی بڑی کمپنیاں بھی شامل ہو چکی ہیں۔ ان میں اٹلی کی Enel گرین پاور اور Terna، فرانس کی Saint-Gobain اور اسپین کی Red Electrica خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں