1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا ہر دسواں بچہ اسکول نہیں جا پاتا

بینش جاوید 15 جولائی 2016

اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے تعلیم اور ثقافت ’یونیسکو‘ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں کل 263 ملین بچے یا ہر دسواں بچہ اسکول نہیں جا پاتا اور تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے۔

https://p.dw.com/p/1JPfK
Videostill AOM Africa on the Move Tansania Schule für Kinder mit Behinderung
تصویر: DW/M. Grundlach

تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی یونیسکو کی کوشش ہے کہ سن 2030 تک دنیا کے تمام بچے اسکول جا پائیں لیکن آج اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا اسکول نہ جا پانا یونیسکو کے لیے اس ہدف کو حاصل کرنے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق وہ بچے جن کو تعلیمی سہولیات میسر نہیں ہیں ان میں سے زیادہ تر کا تعلق تنازعات کے شکار ممالک سے ہے اور یہ تعداد کل 22 ملین بنتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ ممالک جہاں لڑکیوں کی تعلیم کو معیوب سمجھا جاتا ہے وہاں لڑکیوں کی اکثریت اسکول نہیں جا پاتیں اور ایسے ممالک میں بھی بچے کبھی اسکول کا رخ نہیں کر پاتے جہاں سیکنڈری تعلیم کوحاصل کرنا ضروری نہیں قرار دیا گیا۔ یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق افریقہ کے زیریں صحارا خطے کے ممالک میں ہر پانچ میں سے تین بچے تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔

Kenia Kind sammelt Müll in einem Slum in Nairobi
افریقہ کے زیریں صحارا خطے کے ممالک میں ہر پانچ میں سے تین بچے تعلیمی سہولیات سے محروم ہیںتصویر: picture-alliance/AP Images/B. Curtis

گزشتہ برس اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے سن 2030 تک کچھ عالمی اہداف حاصل کرنے کا تہیہ کیا تھا۔ یونیسکو کا ہدف سن 2030 تک تمام بچوں کے لیے پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کا حصول ممکن بنانا تھا۔ ان اہداف سے متعلق بیان میں یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل عرینا بوکووا نے کہا تھا،’’ہماری توجہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر ہونی چاہیے اور ہماری پالیسی ایسی ہونی چاہیے کہ وہ بچے کو ہر مرحلے میں تعلیم مکمل کرنے میں مدد گار ثابت ہو۔‘‘ عرینا بوکووا کے مطابق بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

Afghanistan Kinderarbeit Ziegelfabrik
بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ڈائریکٹر جنرل یونیسکوتصویر: DW/O. Didar

حالیہ اعدادو شمار کے حوالے سے بوکووا کا کہنا،’’ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا ہوگا۔‘‘ یونیسکو کا کہنا ہے کہ کئی ممالک میں پرائمری اور سیکنڈری تعلیم حاصل کرنا تو ضروری ہے لیکن اپر سیکنڈری تعلیم کو حاصل کرنا لازمی قرار نہیں دیا گیا۔ واضح رہے کہ اسکول نہ جا پانے والے بچوں کی تعداد حیران کن ہے تاہم سن 2000 میں دنیا کے 374 ملین ایسے بچے تھے جو تعلیمی سہولیات سے محروم تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید