1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا قدیم ترین بلب، 110 سال کا ہوگیا

19 جون 2011

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چھوٹے بلب کو روشن ہوئے 110 برس مکمل ہوگئے ہیں اور اس طرح یہ بلب اب تک روشن رہ کر عالمی ریکارڈز کی کتاب گنیز میں شامل کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11ezG
تصویر: AP

اس بلب کے پرانے محافظ لائن اونز کا کہنا ہے کہ آج کل کے جدید دور میں جہاں سب کچھ بہت جلدی بدل جاتا ہے، یہ بلب استحکام کی علامت ہے، ’’ یہ آج بھی وہی کر رہا ہے جو 110 سال پہلے کر رہا تھا۔‘‘ یہ بلب 1890 میں ریاست اوہایو کی کمپنی شیلبی الکیٹرک کمپنی نے بنایا تھا۔ اس کمپنی کے مالک نے فائر ڈپارٹمنٹ کو جس وقت یہ بلب تحفے میں دیا تھا اس زمانے میں مٹی کے تیل کے دیے جلا کر کام چلایا جا رہا تھا۔ 4 واٹ کے اس بلب کو پہلی بار عوامی شہرت اس وقت ملی جب اسے 1976ء میں فائر ڈپارٹمنٹ کے نئے دفتر میں منتقل کیا گیا۔ اونز کا کہنا ہے کہ اسی وقت محض کچھ منٹ کے لیے اس بلب کو بجھا کر، نرم فوم میں لپیٹ کر اور پولیس کی سائرنگ بجاتی گاڑی میں نئے دفتر تک لے جایا گیا تھا۔ لیور مور فائر دفتر چار مرتبہ تبدیل ہوا اور اس بلب کو ہر مقام پر ساتھ لے جایا گیا۔

یہ بلب پہلی بار 1901ء میں روشن ہوا تھا جب اسے کیلی فورنیا کے فائر ڈپارٹمنٹ کو تحفے میں دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسیکو میں 1906ء کا تباہ کُن زلزلہ آیا اور کئی دیگر واقعات کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہوا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کا دفتر مختلف مقامات پر منتقل ہوتا رہا۔ اس سب کے باوجود اس بلب کی روشنی گُل نہیں ہوئی اور اب اس طویل تعلق کے 110 برس مکمل ہونے پر مقامی فائر ڈپارٹمنٹ نے خصوصی طور پر جشن کے انتظامات کیے۔

Erdbeben in San Francisco 1906
سان فرانسیکو میں زلزلے کے بعد کا منظرتصویر: AP

اس بلب کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا اپنا فیس بُک کھاتہ بھی ہے اور دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کسی بھی وقت ویب کیم کے ذریعے اس کی روشنی کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ سے وابستہ 67 سالہ لائن اونز کا کہنا ہے کہ محکمے میں مہمانوں کی کتاب میں جرمنی، روس، برطانیہ، چین اور جاپان سمیت کئی ممالک کے سیاح اس بلب سے متعلق اپنی آراء لکھ چکے ہیں۔ اونز نے 30 برس تک اس بلب کا خیال رکھا ہے۔ اونز کے پاس بھی اس بات کا جواب نہیں کہ آخر یہ بلب کیسے اتنے لمبے عرصے سے روشن ہے۔ ان کا خیال ہے کہ چونکہ کوئی بھی اس بلب کو جلاتا یا بجھاتا نہیں شاہد اسی لیے یہ اتنے لمبے عرصے سے سلامت ہے۔

یہ بلب ریاست کیلیفورنیا کے مقام لیور مور میں روشن ہے۔ اس کی ایک سو دسویں سالگرہ ہفتہ کے روز منائی گئی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت :عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید