1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دفاعی چیمپئن، چیمپئن شپ سے باہر

27 جون 2018

روس میں کھیلے جا رہے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے ایک گروپ میچ میں جنوبی کوریا نے ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو شکست دے کر اسے اس ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/30Q1w
FIFA Fußball-WM 2018 in Russland | Deutschland vs. Südkorea | (0:2)
تصویر: Reuters/M. Dalder

گزشتہ قریب آٹھ دہائیوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے سلسلے میں آج بدھ 27 جون کو گروپ ایف کے دو اہم میچ کھیلے گئے۔ ان میچوں سے قبل اس گروپ میں شامل تمام ٹیموں کے لیے امکانات موجود تھے کہ وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیں۔

روسی شہر کازن میں کھیلا گیا جرمنی اور جنوبی کوریا کا میچ آخری منٹوں تک برابر رہا تاہم جنوبی کوریا کے کھلاڑی کِم یَنگ گون نے ایک شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ لائن ریفری کی طرف سے گون کو ابتداء میں آف سائیڈ قرار دے دیا گیا تھا تاہم ریوو کے بعد ریفری نے جنوبی کوریا کے حق میں فیصلہ دے دیا اور یوں جنوبی کوریا نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

FIFA Fußball-WM 2018 in Russland | Deutschland vs. Südkorea | Tor Südkorea (0:2)
جنوبی کوریا کے فارورڈ سَن ہونگ مِن نے انتہائی آسانی کے ساتھ جرمنی کے خلاف دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔تصویر: Reuters/D. Martinez

 تاہم دوسرا گول جرمن ٹیم اور جرمن فٹبال شائقین کے لیے بھی انتہائی مایوس کُن ثابت ہوا جب جرمنی کے گول کیپر مانویل نوئر اپنی ٹیم کی مدد کے لیے جنوبی کوریا کی ڈی میں پہنچے ہوئے تھے۔ اسی دوران جنوبی کوریا کے فارورڈ سَن ہونگ مِن نے انتہائی آسانی کے ساتھ جرمنی کے خلاف دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔

FIFA Fußball-WM 2018 in Russland | Deutschland vs. Südkorea | (0:2)
دوسرا گول جرمن ٹیم اور جرمن فٹبال شائقین کے لیے بھی انتہائی مایوس کُن ثابت ہوا جب جرمنی کے گول کیپر مانویل نوئر اپنی ٹیم کی مدد کے لیے جنوبی کوریا کی ڈی میں پہنچے ہوئے تھے۔تصویر: Reuters/D. Martinez

گروپ ایف ہی کے دوسرے میچ میں سویڈن نے میکسیکو کو تین صفر سے شکست دے کر اس گروپ میں سرفہرست جگہ حاصل کر لی۔ میکسیکو اس شکست کے باجود جنوبی کوریا کی فتح کے باعث گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اس طرح اس گروپ میں سے سویڈن اور میکسیکو نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

1938ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی ابتدائی مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔