1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’داعش اوباما اور ہليری کلنٹن نے بنائی‘، ڈونلڈ ٹرمپ کا الزام

افسر اعوان11 اگست 2016

امریکا کی ری پبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہليری کلنٹن اور صدر باراک اوباما نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ گروپ کی ’بنیاد رکھی‘۔ ان کے اس بیان نے امریکی صدارتی مہم میں ایک بار پھر ہلچل پیدا کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jfo6
تصویر: Reuters/E. Thayer

ری پبلکن پارٹی کی طرف سے صدراتی امیدوار کے طور پر نامزد ہونے والے ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست فلوریڈا میں اپنے حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہادی گروپ ’صدر اوباما کو عزت دے رہا ہے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوباما ہی ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی بنیاد رکھنے والے ہیں اور اس کی شریک بانی ہليری کلنٹن ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اجتماع میں شریک حاضرین کی طرف سے ٹرمپ کے ان الفاظ کی تالیوں اور نعروں کی صورت میں پذیرائی کی گئی۔

اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کی طرف سے بھونچال برپا کر دینے والے یہ تازہ کلمات ہیں۔ ایک روز قبل ہی انہوں نے اپنی ڈیموکریٹک حریف ہلیری کلنٹن کے حوالے سے ایسے الفاظ ادا کیے تھے جو مختلف لوگوں کے مطابق کلنٹن کے خلاف لوگوں کو ’گن وائلنس‘ یا مسلح تشدد پر اکسانے کی کوشش تھی۔

ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کی طرف سے تشدد پر اکسانے والے الفاظ ادا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’حد پار کر لی ہے‘
ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کی طرف سے تشدد پر اکسانے والے الفاظ ادا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’حد پار کر لی ہے‘تصویر: Reuters/C. Keane

سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بدھ 10 اگست کے روز ٹرمپ کی طرف سے تشدد پر اکسانے والے الفاظ ادا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’حد پار کر لی ہے‘۔ ریاست آئیووا میں منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کلنٹن کا کہنا تھا، ’’گزشتہ روز ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے لاپرواہی پر مبنی بیانات کی طویل فہرست کے ایسے تازہ کلمات سنے، جن کے ذریعے وہ حد ہی پار کر گئے ہیں۔‘‘ کلنٹن کا مزید کہنا تھا، ’’الفاظ اہم ہوتے ہیں میرے دوستو۔ اور اگر آپ صدر کا انتخابات لڑ رہے ہیں یا اگر آپ امریکا کے صدر ہیں تو الفاظ بڑے پیمانے پر اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔‘‘

ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں، مہاجرین، تارکین وطن اور اپنے سیاسی حریفوں کے حوالے سے دیے گئے بیانات کے باعث خود ان کی اپنی جماعت کے اندر سے بھی ان کے خلاف مخالفت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چند روز قبل ہی ری پبلکن پارٹی کے ایسے 50 سینیئر ارکان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ٹرمپ کو امریکا کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا جو سابقہ حکومتوں کے دور میں ملکی سکیورٹی اور دیگر اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ہلیری کلنٹن کی انتخابی ٹیم کی طرف سے ایک ویب سائٹ togetherforamerica.com کا بھی آغاز کیا گیا ہے جس پر ٹرمپ ہی کی جماعت ری پبلکن پارٹی کے درجنوں ایسے ارکان کے علاوہ غیر جانبدار افراد کی بھی ایک فہرست مرتب کی گئی ہے جو کلنٹن کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔