1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خصوصی امریکی مندوب کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں

7 مارچ 2011

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب مارک گروسمین نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستانی قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/10UpJ
تصویر: picture-alliance/ dpa

خصوصی امریکی مندوب مارک گروسمین ایک ایسے وقت اسلام آباد پہنچے ہیں جب دو پاکستانی شہریوں کے قتل میں گرفتار امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے سفارتی استثنیٰ کے معاملے پر امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ گروسمین کا بطور نمائندہ خصوصی اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

اتوار کی شب اسلام آباد پہنچے کے بعد گروسمین نے سب سے پہلے وزیر خزانہ حفیظ شیخ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے گروسمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر خزانہ نے ان سے کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت قسط جاری کرنے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ گروسمین نے کہا: "میں اس مسئلے کو سمجھتا ہوں۔ میں اور ایمبیسڈر منٹر وعدہ کرتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رقوم کے اعلان اور فنڈز کی فراہمی کے درمیان وقفے کو جتنا ممکن ہو سکے کم کریں۔"

Syed Yousaf Raza Gilani
ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف اصولی ہے اور اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی: وزیراعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: AP

گروسمین نے پیر کے روز صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے امریکی مندوب کو بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدت دفاعی تعلقات قائم ہیں اور کسی ایک واقعہ سے ان کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ بیان کے مطابق صدر نے امریکی نمائندے کے ساتھ پاکستان میں تعمیر نو کے مواقع، اتحادی فنڈ کے اجراء، دوطرفہ تجارت اور اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق امریکی نمائندے پر واضح کیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

In Pakistan inhaftierter US Diplomat Raymond Allen Davis
امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے سفارتی استثنیٰ کے معاملے پر امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہےتصویر: AP

مارک گروسمین نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بھی وزیراعظم نے کولیشن سپورٹ فنڈ جاری کرنے پر زور دیا۔ بعد ازاں اسلام آباد میں سیرت النبی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف اصولی ہے اور اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی۔ امریکی اہلکار کے سفارتی استثنیٰ کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں سے متعلق ں وزیراعظم کا کہنا تھا: ‘‘تمام وسائل اور ڈپلومیٹک چینل استعمال کیے جا رہے ہیں ہم امریکہ پر دباؤ ڈال رہے کہ وہ ایسا نہ کرے لیکن ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے ہم اس معاملے پر ان کے ساتھ جنگ نہیں کر سکتے۔ ''

پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکہ کی طرف سے اڑھائی ارب ڈالر دیے جانے تھے اور اس سلسلے میں اس سال پاکستان کو ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر موصول ہونے تھے لیکن ان میں سے اب تک صرف چھ سو تیس ملین ڈالر ہی مل سکے ہیں جس سے ملک کے اقتصادی حالات میں مزید ابتری آرہی ہے۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں