1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حیدر آباد ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کا اچھا آغاز

12 نومبر 2010

بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر258 رنز بنا لئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Q7Bd
بھارتی ٹیم کے کھلاڑیتصویر: AP

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں بھارتی شہر حیدر آباد میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے ایک اوپنر بی بی میکلم چار رنز بنا کر اگرچہ چوتھے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے تاہم ون ڈاؤن بلے باز ایم جے گُپٹل اور دوسرے اوپنر ٹم میکنٹوش نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 147 رنز بنائے۔

میکنٹوش نے 102 رنز بنائے اور پہلے دن کے اختتام سے کچھ دیر قبل ہی وہ ظہیر خان کی ایک عمدہ گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ میکلم پچاسی رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ میکنٹوش کے بین الاقوامی کیریئر کی دوسری سینچری میں ایک چھکا اور دس چوکے شامل رہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی ساجھے داری نے بھارتی بولروں کو کڑا وقت دیا تاہم بھارتی فاسٹ بولروں ظہیر خان اور سری شانت کے ساتھ ساتھ دیگر بولروں نے بھی اپنی سر توڑ کوششیں جاری رکھیں اور آخر کار یہ انتہائی اہم پارٹنر شپ توڑ دی۔

Zaheer Khan
بھارت کے کامیاب ترین بولر ظہیر خانتصویر: AP

اس کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والے کیوی بلے باز روس ٹیلر چوبیس رنز کے انفرادی سکور پر جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ انہیں بھی ظہیر خان نے آؤٹ کیا۔ پہلے دن کے اختتام پر جیسی رائڈر بائس جبکہ نائٹ واچ مین ہاپکِنز بغیر کوئی سکور بنائے ناٹ آؤٹ تھے۔

بھارت کی طرف سے ظہیر خان کامیاب ترین بولر رہے، جنہوں نے اٹھارہ اوور کئے اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پی پی اوجھا اور سری شانت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلے دن کے کھیل میں مقررہ نوے اوورز پورے کرائے گئے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے مابین کھیلی جا رہی تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز فی الحال برابر ہے۔ احمد آباد میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو گیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی