1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسنی مبارک کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا

3 اگست 2011

مصر پر تین عشروں تک حکومت کرنے والے سابق صدر حسنی مبارک کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عرب دنیا میں حسنی مبارک وہ پہلے معزول حکمران ہیں، جنہیں عدالت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/129pN
تصویر: picture alliance/dpa

83 سالہ حسنی مبارک کے اس عدالتی ٹرائل کے موقع پر مصر بھر میں مختلف طرح کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم حکومتی موقف ہے کہ حسنی مبارک کو رواں برس کے آغاز پر قاہرہ میں اُس وقت کی حکومت کے خلاف شروع ہونے والے زبردست احتجاج کے دوران مظاہرین کے قتل عام کی ہدایات دینے جیسے الزامات کے تحت عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

حسنی مبارک رواں برس اپریل سے مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ میڈیکل ذرائع کے مطابق منگل کے روز حسنی مبارک کے خاندان کے افراد منگل کے روز ان سے ملنے ہسپتال پہنچے۔ ہسپتال ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منگل کو شرم الشیخ میں میڈیکل سہولیات سے آراستہ ایک طیارہ بھی پہنچا ہے۔ غالباً اسی طیارے کے ذریعے مبارک کو قاہرہ پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب مظاہرین کی ایک بڑی تعداد حسنی مبارک کے عدالت کا سامنا کرنے کے موقع پر عدالت تک پہنچنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر کسی صورت مبارک کو عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، تو اس کا نتیجہ پرتشدد واقعات کی صورت میں برآمد ہو سکتا ہے۔

تاہم بعض مبصرین کا خیال ہے کہ ملک کی موجودہ فوجی حکومت ممکنہ طور پر سابق صدر کو عوامی تذلیل سے بچانے کے لیے ان کی آمد کو مؤخر بھی کر سکتی ہے۔

Flash-Galerie Ägypten Kairo Demonstration Tahrir Platz gegen Militärrat
مظاہرین کی ایک بڑی تعداد عدالت تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہےتصویر: DW/B.Marx

واضح رہے کہ مصر میں رواں برس جنوری میں شروع ہونے والے شدید عوامی مظاہروں کے بعد فروری میں حسنی مبارک عہدہ صدرات سے دستبردار ہو گئے تھے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں