1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی وزیرستان میں ایک اور ڈرون حملہ، چار جنگجو ہلاک

25 جولائی 2010

پاکستانی قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے میں کم از کم چار عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے ان خبروں کی تصدیق کی ہے۔

https://p.dw.com/p/OUBg
تصویر: Abdul Sabooh

اتوار کے روز کئے گئے اس ڈرون حملے میں عسکریت پسندوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے پر دو میزائل فائر کئے گئے۔ یہ حملہ جنوبی وزیرستان کے علاقے شاکتوئی میں کیا گیا۔ ایک سینیئر پاکستانی خفیہ اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر فرانسیسی خبررساں ادارے AFP کو بتایا کہ داغے گئے میزائلوں میں سے ایک کا ہدف عسکریت پسندوں کے زیراستعمال عمارت جبکہ دوسرے کا نشانہ قریب موجود گاڑی بنی۔ اس خفیہ اہلکار نے بتایا کہ اس حملے میں کم از کم پانچ عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایک مقامی سرکاری اہلکار نے بھی اس حملے اور اس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

Pakistan zerstörtes Haus in Waziristan
وزیرستان کے علاقے کو طالبان باغیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہےتصویر: Abdul Sabooh

ایک اور خفیہ اہلکار نے ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ میزائل حملے کا اصل ہدف شمالی وزیرستان سے جائے واقعہ تک پہنچے والی ایک گاڑی تھی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں جنوبی وزیرستان میں ہونے والا یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں کئے گئے ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

جنوبی وزیرستان، جسے گزشتہ برس پاکستانی فوج نے ایک بڑے فوجی آپریشن کے بعد کلیئر قرار دیا تھا، اب بھی طالبان کا ایک مضبوط ٹھکانہ سمجھا جاتا ہے۔

شکتوئی کا علاقہ تحریک طالبان پاکستان کے سابق سربراہ بیت اللہ محسود سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کا اہم ٹھکانہ قرار دیا جاتا ہے۔ بیت اللہ محسود گزشتہ برس اگست میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عصمت جبیں