1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی لبنان پر اسرائیل کے تازہ حملے

7 اگست 2006

اس وقت اسرائیل کی 10 ہزار کی فوج حزب اللہ کے جنگجووں کو پیچھے دھکیلنے اور شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے راکٹ فائر کرنے کی صلاحیت ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYKM
تصویر: AP


اسرائیل نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا آغاز کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی شدید بمباری کی وجہ سے جنوبی لبنان کے بندرگاہی شہر صور کا جنوبی لبنان کے دوسرے حصوں سے رابطہ بھی مکمل طور پرمنقطع ہو گیا ہے۔

ٹائر شہر پر بھی اسرائیلی کے آج کے فضائی حملے میں 5 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ آج کی لڑائی میں3، اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ جنوبی لبنان پر 27 روز سے جاری اسرائیلی فوج کے حملے میں 925 لبنانی مارے جا چکے ہیں جن میں سے اکثریت عام لوگوں کی ہے۔

دوسری طرف لبنان کی جانب سے سلامتی کونسل میں لبنان کے بحران کو ختم کرانے کے لئے امریکہ اور فرانس کے مسودے کو مسترد کر دیے جانے کے بعد ، سلامتی کونسل میں آج اس مسودے پر غور نہیں کیا جا سکے گا ۔

پروگرام کے مطابق آج امریکہ اور فرانس کو نظر ثانی کے بعد اپنا مسودہ دوبارہ سلامتی کونسل میں پیش کرنا تھا۔فرانس کا کہنا ہے کہ اس مسودے میں اب لبنان کے تحفظات کو بھی مد نظر رکھا جا رہا ہے۔ لبنانی وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کا موجودہ مسودہ قابل عمل نہیں ہے۔

لبنان کو اسرائیلی فوج کے انخلا کے ٹائم ٹیبل پر تشویش ہے اس کاکہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو جنگ بندی کے فورا بعد اور بین الاقوامی امن فوج کے آنے پہلے ہی لبنان کو خالی کرناہو گا۔ دوسری طرف ایران نے بھی سلامتی کونسل کی قرار داد کے اس مسودے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

دریں اثنا بیروت میں آج بند دروازے کے پیچھے ، عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی شروع ہو چکا ہے جس میں عرب وزرائے خارجہ او ر عرب لیگ کے سیکریٹر جنرل عمرو موسی لبنانی وزیر اعظم کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں۔