1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دس سالہ حاملہ بچی دو ننھے بھائیوں سمیت بچا لی گئی

مقبول ملک26 فروری 2015

وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں پولیس نے چھاپہ مار کر ایک گھر سے طویل عرصے تک جنسی زیادتی کا شکار بننے والی ایک دس سالہ بچی اور اس کے دو ننھے بھائیوں کو برآمد کر لیا ہے۔ دس سالہ بچی سات ماہ سے حاملہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ei6M
تصویر: picture alliance / ZB

گوئٹےمالا کے دارالحکومت گوئٹے مالا سٹی سے جمعرات 26 فروری کو ملنے والی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ان تینوں بچوں کو لمبے عرصے تک شدید نوعیت کی جنسی اور جسمانی زیادتیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ملکی اٹارنی جنرل کے دفتر کی ایک اعلٰی اہلکار لُکریسیا سالازار نے بتایا کہ پولیس نے گوئٹے مالا کے مشرقی شہر سان خوسے لا ارادا کے غریب آبادی والے علاقے کے ایک گھر پر چھاپہ اس وقت مارا جب ہمسایوں نے شبہ ہونے پر پولیس کو شکایت کی وہاں ممکنہ طور پر بچوں سے جنسی زیادتیاں کی جا رہی تھی۔

Deutschland Symbolbild Kindesmissbrauch beschädigte Kinderpuppen
تصویر: picture-alliance/dpa

سینئر ریاستی وکیل استغاثہ سالازار نے بتایا کہ برآمد کی گئی دس سالہ بچی اپنے حمل کے ساتویں مہینے میں ہے جبکہ اس کے دونوں چھوٹے بھائیوں کی عمریں دو اور تین سال ہیں۔ استغاثہ کے مطابق دونوں بچوں کے جسموں پر بھی جسمانی زیادتی کے نشانات ہیں۔

حکام اب اس بارے میں چھان بین کر رہے ہیں کہ آیا دس سالہ بچی اپنے سوتیلے باپ کے ہاتھوں جنسی زیادتیوں کا شکار ہوئی۔ لُکریسیا سالازار نے بتایا، ’’جب پولیس نے اس گھر پر چھاپہ مارا، وہاں ان تین بچوں کے علاوہ اور کوئی نہیں تھا۔‘‘

پولیس نے ان تینوں بہن بھائیوں کو فوری طور پر ایک عارضی رہائش گاہ پہنچانے کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر عدالت کی تحویل میں دینے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ان بچوں سے کی جانے والی جنسی اور جسمانی زیادتیوں کی چھان بین بھی جاری ہے۔