1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جناح پر کتاب کے مصنف بھارتی سیاستدان جسونت سنگھ کا انتقال

27 ستمبر 2020

بھارت ميں حکمران جماعت بے جے پی کے بانی ارکان ميں سے ايک جسونت سنگھ انتقال کر گئے ہيں۔ انہیں بانی پاکستان محمد علی جناح پر کتاب لکھنے کی وجہ سے بھارت اور پاکستان دونوں ہی ملکوں ميں جانا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3j4Kv
Jaswant Singh Autor  "Jinnah, India-Partition-Independence"
تصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

سابق بھارتی سياست دان جسونت سنگھ بياسی برس کی عمر ميں انتقال کر گئے ہيں۔ دارالحکومت نئی دہلی کے ايک فوجی ہسپتال نے تصديق کر دی ہے کہ جسونت سنگھ مختلف عارضوں کے باعث پچيس جون سے اس ہسپتال ميں زیر علاج تھے۔ اتوار ستائيس ستمبر کی صبح انہيں دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔

وزير اعظم نريندر مودی نے مختلف ٹويٹس ميں جسونت سنگھ کے انتقال پر اظہار افسوس کيا اور انہيں خراج تحسين بھی پيش کيا۔ مودی کے مطابق سنگھ کو سياسی اور معاشرتی امور پر اپنے منفرد نقطہ نظر کی وجہ سے ياد رکھا جائے گا۔ مودی نے ايک ٹويٹ ميں لکھا، ''جسونت سنگھ نے بڑی لگن کے ساتھ ہماری قوم کے ليے خدمات سر انجام ديں، پہلے ايک فوجی کے طور پر اور پھر سياست ميں۔‘‘

Buchcover Jaswant Singh  Jinnah: India, Partition, Independence

فوجی اور سياسی کیریئر

جسونت سنگھ نے بھارتی فوج میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔ تاہم در حقيقت انہيں سياست سے لگاؤ تھا۔ يہی وجہ ہے کہ سن 1960 ميں انہوں نے فوج کو خيرباد کہتے ہوئے عملی سياست شروع کر دی تھی۔ جسونت سنگھ بھارتيہ جنتا پارٹی کے بانی رہنماؤں ميں سے ایک تھے۔ وہ نو مرتبہ بھارتی پارليمان کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ سن 1998 سے سن 2004 کے درميان جب بی جے پی کی حکومت تھی تو جسونت سنگھ ملکی وزير دفاع، وزير خزانہ اور پھر وزير خارجہ کے عہدے پر بھی فائز رہے تھے۔

جسونت سنگھ کو سن 2009 ميں بھارتيہ جنتا پارٹی سے نکال ديا گيا تھا۔ اس کی وجہ روايتی حريف ملک پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی تعريف بنی تھی۔ سنگھ نے 'جناح، انڈيا، پارٹيشن اور انڈيپينڈنس‘ نامی اپنی کتاب ميں محمد علی جناح کی تعريف کی تھی، جسے ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے قدامت پسند حلقوں ميں پسند نہیں کيا گيا تھا۔ بعد ازاں کچھ وقفے کے بعد سنگھ کو پارٹی ميں واپس لے ليا گيا تھا مگر پھر انہوں نے 2014ء ميں بی جے پی سے خود ہی عليحدگی اختيار کر لی تھی۔ اس کے بعد وہ انتخابات ميں ايک آزاد اميدوار کے طور پر کھڑے ہوئے تھے اور کامياب بھی رہے تھے۔

ع س / م م (اے پی)