1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کا مشرقی حصہ ابھی تک اقتصادی ماضی کے چنگل ميں

6 مئی 2013

جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے 25 برس گذرنے کے بعد بھی ملک کے مشرقی حصے کی حالت مغربی حصے کے مقابلے ميں خراب ہے حالانکہ مغرب سے بہت کثير امدادی رقوم مشرق کو منتقل ہوئی ہيں اور يہ سلسلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/POuS
تصویر: picture-alliance/dpa

سابق مشرقی جرمنی اور مغربی جرمنی کے اتحاد کے بعد مشرقی جرمنی ميں بھی وفاقی نظام رائج ہوا اور اس کے نتيجے ميں جو وفاقی صوبے وجود ميں آئے اُنہيں مغربی جرمنی کے پہلے سے موجود وفاقی صوبوں کے مقابلے ميں ملک کے نئے وفاقی صوبے کہا جاتا ہے۔

بعض تجزيہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان مشرقی جرمن صوبوں کی اقتصاديات ميں اس سال 2.5 فيصد کی نمو ہوگی۔ يہ صوبے اپنی معيشت کو لگنے والے تازہ ترين دھچکے، يعنی عالمی اقتصادی بحران سے نکلنے کی کوشش ميں مصروف ہيں۔

Eisenhüttenstadt
سابق مشرقی جرمنی کے ايک صنعتی علاقے ميں تعمير نوتصویر: picture-alliance/ ZB

اس کے باوجود ملک کے مشرقی حصے کے شہريوں کا گلہ ہے کہ اُن کی پينشنيں اور تنخواہيں، مغربی حصے کے شہريوں کے مقابلے ميں کم ہيں حالانکہ ملک کے دونوں حصوں ميں روزمرہ اخراجات زندگی يکساں ہيں۔ مشرقی جرمن وفاقی صوبے سکسنی ان ہالٹ کے ايک ٹريڈ يونين سربراہ اُڈُو گيب ہارڈ نے کہا: " اتحاد کے 25 سال بعد اب ملک کے مشرقی اور مغربی حصوں کے درميان اجرتوں کے فرق کو بہت سی صورتوں ميں جائز کہنا ممکن نہيں رہا۔ "

اس کے علاوہ بہت سے ماہرين اقتصاديات کا کہنا ہے کہ سابق چانسلر کول نے سن 1990 ميں متحدہ جرمنی کے پہلے انتخابات ميں جن سرسبزو شاداب اور لہلہاتے ہوئے کھیتوں اور شاندار علاقوں کا وعدہ کيا تھا اُن کی تکمیل ميں ابھی کم ازکم ايک عشرہ اور لگے گا۔ بہت سے سرکاری حکام اور عہديداروں نے مشرقی جرمنی کی تعمير نو کے کام کی شدت اور اخراجات کا بہت غلط اندازہ لگايا تھا۔

آج بھی صرف چند ہی کمپنيوں کے ہيڈ کوارٹر ملک کے مشرقی حصے ميں ہيں اور وہاں کم ہی چھوٹے اور درميانے درجے کی کمپنيوں نے کسی بڑی توسيع ميں کاميابی حاصل کی ہے۔ يہ اس کے باوجود ہے کہ بعض بڑی کمپنيوں، مثلاً موٹر کمپنيوں بی ايم ڈبليو اور پورشے اور چپ تيار کرنے والی فرم ان فائن آن نے مشرق ميں ايک بڑے پيمانے پر سرمايہ کاری کی ہے۔

Flash-Galerie Deutschland Aufbau Ost vorher nachher Prenzlauer Berg
مشرقی جرمنی ميں مکانات کی تعمير نو اور درستگیتصویر: picture alliance/ZB

اس کے علاوہ ہر جرمن ٹيکس دہندہ پر جرمن اتحاد کے اخراجات پورا کرنے کے لئے جو 5.5 فنصد کا ٹيکس لگايا گيا تھا وہ ملک کی اقتصادیات کے لئے ايک بوجھ ثابت ہورہا ہے اور اس کی وجہ سے نجی صرف ميں کمی ہوگئٍ ہے۔

مشرقی جرمنی کی، اپنے اقتصادی ماضی کو الوداع کہنے کی جنگ، تيزی سے برپا ہونے والی عالمگيريت کی وجہ سے دشوار تر ہوگئی ہے۔ عالمگيريت اُس وقت واضح طور پر پوری قوت سے پھيلنا شروع ہوگئی تھی جب سابق کميونسٹ مشرقی جرمنی عالمی اقتصادی اسٹيج پر قدم جمانے کی ابتدائی کوششوں ميں مصروف تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں